وزیراعلیٰ کارات گئے بغیرپروٹوکول انجینئرنگ یونیورسٹی ون ونڈو ادائیگی مرکز کا اچانک دورہ،وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ون ونڈو مرکز میں موجود اراضی مالکان سے معاوضے کی ادائیگی کے بارے میں دریافت کیا،اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ کے اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے عمل کی خودنگرانی کر رہا ہوں:محمد شہبازشریف،اراضی مالکان ون ونڈو مرکز میں وزیراعلیٰ کو اچانک دیکھ کر حیران رہ گئے‘ انتظامات اور ادائیگی کے طریق کار کو سراہا

ہفتہ 6 فروری 2016 09:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف رات گئے بغیر پروٹوکول اچانک انجینئرنگ یونیورسٹی میں اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ ون ونڈوادائیگی سینٹر پہنچ گئے اور اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ کے اراضی مالکان کو ادائیگی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ادائیگی مرکز میں موجود اراضی مالکان سے معاوضے کی ادائیگی کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعلیٰ نے اراضی مالکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ کے اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے عمل کی خود نگرانی کر رہاہوں۔ آئندہ چند روز میں اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراضی مالکان کو معاوضے کی وصولی میں کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

(جاری ہے)

معاوضے کی ادائیگی کے عمل کو برق رفتاری سے مکمل کرنے کے لئے بنک کاؤنٹرز قائم کئے جا چکے ہیں۔

اراضی مالکان کو جائیدادوں کے معاوضے کی ادائیگی کے لئے 20 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انجینئرنگ یونیورسٹی ون ونڈو ادائیگی مرکز میں موجود اراضی مالکان وزیراعلیٰ کو اچانک دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انہوں نے ادائیگی مرکز میں سہولتوں کی فراہمی اور ادائیگی کے تیزترین نظام کے قیام پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خواجہ احمد حسان اور دیگر افراد سے گفتگو کرتے ہوئے ادائیگی مرکز کے طریق کار اور فراہم کردہ سہولتوں پر اظہار اطمینان کیا۔