نیو یارک :مین ہیہٹن میں ایک بڑی کرین کے گرنے سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے

ہفتہ 6 فروری 2016 09:13

نیویارک(آئی پی اے۔اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6فروری۔2016ء ) نیو یارک کے علاقے لوئر مین ہیہٹن میں ایک بڑی کرین کے گرنے سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔فائر ڈیپارٹمنٹ نے ایک شخص کی موت کی تصدیق کی ہے اور اس کے اہلکاروں نیجائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیاکرین جمعہ کے روز براڈوے کے ساتھ ٹریبیکا کے علاقے میں گری کرین کے گرنے سے سڑک پر کھڑی کئی کاریں اس کے نیچے آ کر دب گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق تعمیراتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ایک بڑی اور بھاری کرین کئی منزلہ عمارت سے نیچے سڑک پر جاگری جس کی زد میں آکر وہاں کھڑی کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔امدادی اہلکاروں کے مطابق کرین گرنے سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص کرین کی زد میں آنے والی ایک کار میں سوار تھا۔

(جاری ہے)

میئر کے مطابق حادثہ تیز ہواوٴں کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ حادثے کے وقت نیویارک طوفانی ہوائیں چل رہی تھیں اور برف باری ہورہی تھی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت مزدور کرین کو نیچے اتارنے کی کوشش کر رہے تھے جس کے دوران وہ زوردار دھماکے سے سڑک پر جا گری۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرین کو عمارت میں ایئر کنڈیشنرز کی تبدیلی کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ حکام نے علاقے میں ملازمت اور کاروبار کرنے والے افراد سے وہاں نہ آنے اور واپس گھروں کو لوٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔نیویارک میں کسی کرین کے گرنے کا 2008ء کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جس کے بعد انتظامیہ نے شہر میں عمارتوں پر نصب تمام کرینیں اتارنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :