کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے،صدر ،وزیر اعظم پاکستان،کشمیری بہنوں اور بھائیوں کا اس وقت تک ساتھ دیں گے جب تک کہ آزادی کا خواب پورا نہیں ہو جاتا ، کشمیر کی بہادر عوام نے اپنی جدوجہد میں ناقابل فراموش قربانیاں دیں اور اپنی جانون کا نذرانہ پیش کیا ،ممنون حسین،پاکستان کی شدید خواہش ہے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو،پوری دنیا کے آزادی کے متوالے اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کی جرات ، بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں ،خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑا ہے،نواز شریف

جمعہ 5 فروری 2016 09:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2016ء) صدر ،وزیر اعظم پاکستان نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے اپنے الگ الگ پیغام میں اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کے لئے جراتمندانہ جدوجہد میں ان کی بھرپور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، جموں و کشمیر کے عوام نے 68 سال قبل اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر دیا تھا لیکن بھارت نے ان کے حق خودارادیت کو تسلیم نہیں کیا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے منحرف ہو کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔

صدرممنون حسین نے کہا کہ قومی یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی دلیرانہ سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہیں، ہم پوری دنیا کے آزاد عوام کے ہمراہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر ، جرات مند ، دلیر اور حوصلہ مند مردوں ، خواتین اور نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے گزشتہ 68 سالوں میں آزادی کے نیک مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہم ان ہزاروں کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے بھارتی سیکورٹی فورسز کے شدید مظالم کے باوجود بھارتی غلامی تسلیم کرنے سے انکار کیا اور اس بات کا عملی اظہار کیا کہ کشمیریوں کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جا سکتا ۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر کا تنازعہ کئی دہائیوں سے نہ حل ہونے والا تنازعہ بن کر رہ گیا ہے یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قرار دادو ں کا طویل اور نامکمل ایجنڈا ہے جبکہ بھارت کی ان قرار دادوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث ان قرار دادوں پر عملدرآمد التوا کا شکار ہے ہم بھارت اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ 68 سال قبل جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کیا جانے والا وعدہ پورا کریں، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے خواب کی تعبیر ہر پاکستانی کے دل کی خواہش ہے ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اقرار صالح کرتے ہیں کہ غم اور مصیبت کے وقت وہ ہمیں اپنے ہمراہیوں میں شمار کر سکتے ہیں ہم اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کا اس وقت تک ساتھ دیں گے جب تک کہ آزادی کا خواب پورا نہیں ہو جاتا ۔

کشمیر کی جدوجہد مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی کے حصول تک جاری رہے گی۔اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کے لئے جراتمندانہ جدوجہد میں ان کی بھرپور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے جموں و کشمیر کے عوام نے 68 سال قبل اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر دیا تھا لیکن بھارت نے ان کے حق خودارادیت کو تسلیم نہیں کیا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے منحرف ہو کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام نے اپنی جدوجہد میں ناقابل فراموش قربانیاں دیں اور اپنی جانون کا نذرانہ پیش کیا تاہم بھارت اپنے تمام تر دباؤ اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ناکام نہ بنا سکا ۔ پوری دنیا کے آزادی کے متوالے اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کی جرات ، بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں جو بھارتی سکیورٹی فورسز کے شدید مظالم ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

پاکستان کی یہ شدید خواہش ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں پرامن طریقے سے حل ہو اور پاکستان باہا بین الاقوامی برادری کو یہ باور کرا چکا ہے کہ وہ 68 سال قبل شروع ہونے والی اس جدوجہد پر کشمیری عوام سے کیا جانے والا وعدہ پورا کریں خطے میں اس وقت تک امن بحال نہیں ہو سکتا جب تک مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ وہاں کے عوام کی مرضی کے مطابق طے نہیں پا جاتا ۔