سعودی مالیاتی ذخائر کا حجم چار سال کی کم ترین سطح پر آ گیا

جمعہ 5 فروری 2016 09:46

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2016ء) سعودی عرب کے مالیاتی ذخائر کا حجم گھٹ کر گزشتہ چار سال کی کم ترین سطح پر آگیا۔سال 2015ء کے آخر تک سعودی عرب کے مالیاتی ذخائر کم ہو کر 611اعشاریہ9 بلین ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں جو 2014کے آخر تک 732 بلین ڈالر کی سطح پر تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کو یہ کمی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کے باعث درپیش ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں سال کے آخر تک سعودی مالیاتی ذخائر (فیسکل ریزو) کم ہو کر 500 بلین ڈالر پر آنے کا احتمال ہے۔سعودی عرب نے ریکارڈ 98 بلین ڈالر بجٹ خسارہ ظاہر کیا تھا۔ اسے تیل کے کم نرخوں کی وجہ سے اس شعبہ سے حاصل آمدنی میں 60 فیصد کمی کا سامنا ہے۔ گزشتہ سال تیل کی فروخت سیاسے صرف 118 بلین ڈالر حاصل ہوئے جبکہ رواں برس بھی سعودی عرب کو 87 سے 107 بلین ڈالر بجٹ خسارے کا سامنا ہوگا۔