ملک وال، کسٹم انٹیلی جنس حکام نے چائے کی پتی کی سمگلنگ کے الزام میں قمر ٹی کمپنی کے مالک اور ملازم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا

جمعرات 4 فروری 2016 09:07

ملک وال(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2016ء) کسٹم انٹیلی جنس حکام نے چائے کی پتی کی سمگلنگ کے الزام میں قمر ٹی کمپنی کے مالک قمر خان اور اس کے ملازم حمید نیازی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ، برآمد کی گئی چائے کی 437بوریاں بھی بحق سرکار ضبط کر لی گئی ہیں، قمر خان اور اس کے تین بھائی حالیہ بلدیاتی الیکشن میں کونسلر منتخب ہوئے ہیں جبکہ قمر خان نے میونسپل کمیٹی ملک وال کی چیئرمین شپ کیلئے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کیلئے بھی درخواست دی رکھی ہے۔

تفصیلات کیمطابق کسٹم انٹیلی جنس گوجرانوالا کی ٹیم نے گزشتہ ماہ جنوری کی 22 اور 23تاریخ کو ملک وال میں قمرٹی کمپنی کے مختلف گوداموں میں چھاپے مار کر چائے کی 437بوریاں برآمد کر کے گور نمنٹ ویئر ہاؤس گوجرانوالا منتقل کر دی تھیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کسٹم انٹیلی جنس گوجرانوالا محمد انور نے بتایا کہ قمر ٹی کمپنی غیر ملکی چائے سمگلنگ کے ذریعے لاتی ہے جس کی کسٹم ڈیوٹی ادا نہیں کی گئی۔

کمپنی مالک قمر خان کو مہلت دی گئی کہ وہ برآمد کی گئی کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کے کاغذات چیک کروائیں مگر وہ دی گئی مہلت کے ایام میں کاغذات پیش نہیں کر سکا ۔ انہوں نے بتایا کہ انٹیلی جنس اور انویسٹیگیشن آفیسر ایف بی آر گوجرانوالا سید ماجد رضا کی مدعیت میں فیکٹری مالک قمر خان اور اس کے ملازم حمید نیازی کیخلاف کسٹم ایکٹ 1969کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات اور تفتیش جاری ہے۔