کراچی ،سندھ رینجرز نے ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کے قتل میں مطلوب ملزم منہاج عرف اسد کو گرفتار کرلیا

جمعرات 4 فروری 2016 08:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2016ء)سندھ رینجرز نے ایم ڈی کے ای ایس سی (موجودہ کے الیکٹرک) شاہد حامد کے قتل میں مطلوب ملزم منہاج عرف اسد کو گرفتار کرلیا ہے۔ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزم نے شاہد حامد سمیت کئی دیگر افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق 'عسکری ونگ' سے ہے تاہم اس حوالے سے مزید وضاحت نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے مبینہ ٹارگٹ کلر کو 90 روز کے ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل شاہد حامد قتل کیس میں ہی ایم کیو ایم کے سابق کارکن صولت مرزا کو 9 ماہ پہلے بلوچستان کی مچھ جیل میں پھانسی دی جاچکی ہے۔صولت مرزا پر شاہد حامد، ان کے ڈرائیور اور ایک محافظ کو کراچی کے ڈیفنس میں 1997ء میں قتل کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔صولت مرزا شاہد حامد کے قتل کے بعد 1998 میں تھائی لینڈ فرار ہوگیا تھا تاہم والدہ کی برسی میں شرکت کے لیے آنے کے دو ہفتے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا