تحریک انصاف الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کردیا،چیئرمین تحریک انصاف پر انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار کی حمایت پر مکمل پابندی عائد ہوگی،انتخابی مہم کے دوران جلسے جلوسوں کا انعقاد ممنوع قرار ، وال چاکنگ ، بل بورڈ ، آتش بازی ، انتخابی ضابطوں اور ووٹوں کی خریدوفروخت بھی منع ہوگی ، امیدوار محض سوشل میڈیا انفرادی ملاقاتوں اور عمومی سائز کے پمفلٹ کے ذریعے ہی مہم چلا سکیں گے، کسی بھی سطح کے انتخابات کیلئے گروہ بندی اور پینل کی تشکیل پر بھی مکمل پابندی ہوگی ،ضابطہ اخلاق کے مندرجات

ہفتہ 30 جنوری 2016 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جنوری۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کردیا ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کرنل ریٹائرڈ خالد ظہور کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں صاف شفاف اور غیر جانبدار انداز میں انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کیلئے مندرجہ ذیل اہم اصول مرتب کئے گئے ہیں ،چیئرمین تحریک انصاف پر انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار کی حمایت پر مکمل پابندی عائد ہوگی ،انتخابی مہم کے دوران جلسے جلوسوں کا انعقاد ممنوع قرار دیا گیا ہے ، وال چاکنگ ، بل بورڈ ، آتش بازی ، انتخابی ضابطوں اور ووٹوں کی خریدوفروخت بھی منع ہوگی ، امیدوار محض سوشل میڈیا انفرادی ملاقاتوں اور عمومی سائز کے پمفلٹ کے ذریعے ہی مہم چلا سکیں گے کسی بھی سطح کے انتخابات کیلئے گروہ بندی اور پینل کی تشکیل پر بھی مکمل پابندی ہوگی ، گروہ بندی ، بدعنوانی ، دھاندلی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزائیں دی جائینگی خلاف ضابطہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی صورت میں انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے نااہلیت ، پارٹی ٹکٹ سے محرومی اور بنیادی رکنیت کے اخراج جیسی سزائیں دی جائینگی الیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات کردہ مبصرین انتخابی مہم اور عمل کے جائزے کی نگرانی کے مجاز ہونگے ، الیکشن کمیشن انتخابی تنازعات کے حل کیلئے غیر جانبدار ، متحرک اور تیز تر وسائل بھی فراہم کرے گا ۔

(جاری ہے)

انتہائی جامع نکات پر مشتمل ضابطہ اخلاق چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا جسے فوری طور پر نافذ العمل قرار دیا گیا ہے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور ان کے حامیوں پر لازم ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق پر عملدآمد یقینی بنائیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ترجمان الیکشن کمشنر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے جماعت کے اندر انتخابات کیلئے انتہائی جامع اور موثر ضابطہ اخلاق نہ صرف مرتب کیا بلکہ اس کے نفاذ کیلئے بھی قابل ذکر اقدامات اٹھائے