خیبرپختونخواہ پاکستان کی شہ رگ ہے، اسلام آباد سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کرے، شجاعت حسین ،چودھری نثار کو برسوں سے جانتا ہوں وہ دل کی بات بے دھڑک کہہ دیتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی آج لڑ رہے ہیں کل پھر گھی شکر ہو جائیں گے، ، غلام احمد بلور سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 جنوری 2016 09:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ پاکستان کی شہ رگ ہے لیکن اسلام آباد اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے۔ انہوں نے پختونخواہ کے دلیر، بہادر اور محب وطن عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبہ کا بارڈر افغانستان کے ساتھ ہے جس سے پاکستان کا امن جڑا ہوا ہے، افغانستان کے حالات ٹھیک ہوں گے تو یہاں بھی امن ہو گا۔

وہ پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما غلام احمد بلور کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں لڑائی کی خبروں کے بارے میں سوال پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ انفرادی لڑائی تو ہوتی رہتی ہے لیکن اس میں ایسا کچھ نہیں ہونا چاہئے کہ ملک کو نقصان پہنچے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں چودھری نثار علی خان کو برسوں سے جانتا ہوں انہوں نے میرے ساتھ بھی کام کیا ہے ان کے دل میں کوئی بات ہوتی ہے تو وہ بے دھڑک کہہ دیتے ہیں چاہے کسی کو اچھی لگے یا بری۔

ن لیگ اور پیپلزپارٹی آج لڑ رہے ہیں کل پھر گھی شکر ہو جائیں گے۔ پنجاب میں سکولوں کو بند کرنے کے بارے میں سوال پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس سے خوف پیدا ہوا، حفاظت کے نام پر ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہئیں جس سے بچوں کے ذہن متاثر ہوں۔ ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہئے اور امید ہے کہ یہاں جلد آپریشن شروع ہو جائے گا۔