وفاقی وزیر پٹرولیم نے یکم فروری سے پٹرول5روپے فی لیٹر سستا ہونے کا عندیہ دیدیا ، پٹرول40روپے تک کم کرچکے ہیں اس سے زیادہ نہیں کرسکتے،ملک میں گیس کی طلب 100فیصد ، رسد60فیصد ہے،40فیصد کی کمی پوری کرنے کے لئے پنجاب میں رات کے وقت گیس لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،شاہد خاقان عباسی کی این اے قائمہ کمیٹی پٹرولیم وقدرتی گیس میں گفتگو

جمعہ 29 جنوری 2016 09:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29جنوری۔2016ء)وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے یکم فروری سے پٹرول5روپے فی لیٹر سستا ہونے کا عندیہ دیدیا ہے اور کہا ہے کہ پٹرول40روپے تک کم کرچکے ہیں اس سے زیادہ نہیں کرسکتے،ملک میں گیس کی طلب 100فیصد جبکہ رسد60فیصد ہے،40فیصد کی کمی پوری کرنے کے لئے پنجاب میں رات کے وقت گیس لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم وقدرتی گیس کے اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں5روپے کمی کی سمری اوگرا آج فائنل کر دے گا موجودہ حکومت نے پٹرول کو40روپے تک سستا کیا ہے،پاکستان میں پٹرول بھارت اور بنگلہ دیش کی نسبت سستا مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتیں مزید کم نہیں کرسکتے اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کریں گے تو ملک کو کیسے چلائیں گے کیونکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ودیگر اخراجات اسی مد میں دئیے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اس وقت40فیصد گیس کی کمی ہے اس لئے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

کمیٹی میں ایم ڈی او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ ملکی رگ زیادہ مہنگی پڑتی ہے اس لئے ٹھیکیداروں یا پرائیویٹ کنٹریکٹر سے سستی لیتے ہیں ہمارا کام تیل کو نکالنا ہے،افرادی قوت بہت زیادہ ہے،گزشتہ سال125ارب روپے کا منافع تھا جو اب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے منافع کم ہوگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران14ارب 64کروڑ50لاکھ روپے کے اخراجات رینٹڈ رگز پر صرف کیں۔ملک بھر میں یکم جنوری2012ء سے اب تک97آئل و گیس کے کنویں دریافت ہوئے ہیں اس حوالے سے مزید کام کیا جارہا ہے۔کمیٹی ممبران نے او جی ڈی سی ایل کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔چےئرمین کمیٹی نے او جی ڈی سی ایل کے نیب اور ایف آئی اے میں پڑے کیسز کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں