راجستھان میں بمباری ،پاکستان نے بھارت میں ہائی کمیشن سے تفصیلات طلب کرلیں،پاکستان پر دہشت گردی کی الزام تراشی سے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے،سعودی عرب اور ایران کی حکومتوں نے تناؤ کے خاتمے کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا، پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کی تاریخ کے لیئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں، امید کرتے ہیں کہ بھار ت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی رپورٹ بھی شئیر کر ے گا،ترجمان دفترخارجہ کی بریفنگ

جمعہ 29 جنوری 2016 09:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29جنوری۔2016ء) وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کی راجستھان میں بمباری کے حوالے سے اپنے ہائی کمیشن سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ پاکستان پر پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کی روایت کو ترک کرنا چاہیے کیونکہ الزام تراشی سے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

سعودی عرب اور ایران کی حکومتوں نے تناؤ کے خاتمے کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کی تاریخ کے لےئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں امید کرتے ہیں کہ بھار ت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی رپورٹ بھی شئیر کر ے گا جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ہندوستان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے پاکستان پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کی روایت کو ترک کرنا چاہیے کیونکہ الزام تراشی سے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، جسے عالمی برادری نے بھرپور سراہا ہے۔انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے تنازع میں پاکستان کی ثالثی کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ کے بیان پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا رپورٹس پر کسی قسم کا بیان نہیں دے سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کی حکومتوں نے تناوٴ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنے ایک بیان کہا تھا کہ پاکستان، سعودیہ۔ ایران کشیدگی میں ثالث کا کوئی کردار ادا نہیں کر رہا، کئی ممالک نے ثالثی کے لیے رابطہ کیا ہے لیکن اس معاملے پر کوئی ثالثی قابل قبول نہیں۔ پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات کی تاریخ طے کرنے کے لیے دونوں ممالک رابطے میں ہیں، جبکہ امید ہے کہ بھارت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقاتی رپورٹ پاکستان سے شیئر کرے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان اوربھارت کے خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات رواں ماہ 15 جنوری کو ہونا تھی، تاہم پٹھان کوٹ ایئربیس واقعے کے بعد یہ ملاقات ملتوی کردی گئی تھی۔