وزیراعظم محمد نوازشریف سوئٹزرلینڈ کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،وزیر اعظم کی ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سمیت بہت سے اہم اجلاسوں میں شرکت ،دنیا کے اہم سیاسی اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں

جمعرات 28 جنوری 2016 10:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28جنوری۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف سوئٹزرلینڈ کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ سوئٹزرلینڈ کے دورے کے دوران وزیراعظم نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بہت سے عالمی سطح کے اہم اجلاسوں میں شرکت اور دنیا کے اہم سیاسی اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف نے اس دوران پاکستان کے بارے میں اپنے وژن کو بہت عمدگی کے ساتھ پیش کیا اور علاقائی استحکام اور روابط کے فروغ کے حوالے سے اپنی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے پاتھ فائنڈر گروپ کے زیر انتظام کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ داروں کے ایک بڑے اجتماع سے بھی خطاب کیا اور ورلڈ اکنامک لیڈرز کے غیر رسمی اجتماع میں بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے جنیوا میں یورپین آرگنائزیشن فار نیوکلیئر ریسرچ کا بھی دورہ کیا اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے حکومت پاکستان کے ٹھوس عزم کا اظہار کیا۔ ممتاز سفارتکاروں اور تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران بڑی کامیابی کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور تجارت کے فروغ کی جانب دنیا کو راغب کیا۔