سینچورین ٹیسٹ : اے بی ڈویلیئرز منفرد ریکارڈ اپنے نا م کرلیا ،دونوں اننگز میں صفر پر آوٴٹ ہو کر نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ 104 سالہ منفرد ریکارڈ بھی برابر کردیا،، ڈی ولیئرز اپنے ٹیسٹ کیرئر میں 7 دفعہ صفر پر آوٴٹ ہوئے ہیں،ٹیسٹ کرکٹ میں صفر پرسب سے زیادہ بار آوٴٹ ہونے کا ریکارڈ43 بار ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باوٴلر کورنٹی والش کے پاس ہے

منگل 26 جنوری 2016 09:17

سنچورین(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26جنوری۔2016ء) جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ولیئز نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر آوٴٹ ہو کر نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ 104 سالہ منفرد ریکارڈ بھی برابر کردیا۔سنچورین میں کھیلنے جانے والے آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے لیکن کپتان ابراہم ڈی ولیئرز پہلی اننگز میں دو گیندیں کھیل کر صفر پراسٹورٹ براڈ کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے جبکہ دوسری اننگز میں جیمز اینڈرسن نے ایل بی ڈبلیو آوٴٹ کیا۔

ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ کے دوسرے کپتان ہیں جنھیں ایک میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر آوٴٹ ہونے کا ریکارڈ حاصل ہے،مایہ ناز بلے باز تیسرے میچ کی دوسری میں اننگز میں 8 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صفر پر اسٹورٹ براڈ کی وکٹ بن گئے تھے، ڈی ولیئرز اپنے ٹیسٹ کیرئر میں 7 دفعہ صفر پر آوٴٹ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 1912 میں اس وقت کے کپتان لوئس ٹینکریڈ انگلینڈ ہی کے خلاف اوول کے میدان میں دونوں اننگز پر بغیر کوئی رنز بنائے آوٴٹ ہوئے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں صفر پرسب سے زیادہ بار آوٴٹ ہونے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باوٴلر کورنٹی والش کے پاس ہے، وہ اپنے کیرئر میں 43 دفعہ صفر پر آوٴٹ ہوئے، نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی کرس مارٹن 36، آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باوٴلر گلین میک گراتھ 35 اور آسٹریلیا کے ہی شین وارن 34 دفعہ صفر پر آوٴٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبرت ناک شکست کے بعد انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی ناکامی سے دوچارہوئی۔

تاہم اے بی ڈی ولیئرز نے ہندوستان کے دورے میں ایک روزہ سیریز میں بطور کپتان مسلسل 3 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔اے بی ڈی ولیئرز نے 105 ٹیسٹ میچوں میں 21 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 51.10 کی اوسط سے 8 ہزار 74 رنز بنائے ہیں جہاں ان کا بڑا اسکور 278 رنز ناٹ آوٴٹ ہے۔

متعلقہ عنوان :