وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ملاقات ،گیس پاور پلانٹ کے 3 منصوبوں میں قوم کے 112 ارب روپے بچا کر نئی مثال قائم کی ہے،شہبازشریف،حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اور اعلی معیار متعارف کراکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب

منگل 26 جنوری 2016 09:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برس کے دوران توانائی منصوبوں کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت اپنے وسائل اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے تحت ہزاروں میگاواٹ کے توانائی منصوبوں پر کام کررہی ہے اوران منصوبوں کی تکمیل سے 2017ء میں لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں کی برق رفتاری اورشفافیت سے تکمیل کو یقینی بنایا جارہا ہے اور ان منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچاکر ایک شاندار مثال قائم کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تاریخ میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو شروع کرنے اورانہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی اورحکومت نے منصوبوں میں شفافیت اور اعلی معیار متعارف کراکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دن رات کی جانے والی کاوشیں رنگ لارہی ہیں-توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کیا جا رہاہے او ر توانائی کے منصوبے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں- پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے تین منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا تے ہوئے قوم کے 112ارب روپے بچائے گئے ہیں اور یہ منصوبے دنیا کے سستے ترین پراجیکٹس ہیں۔

انہو ں نے کہاکہ ملک سے اندھیرے دور کرنے کے لئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی وژنری قیادت میں توانائی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے دن رات کام جاری ہے اورتوانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔کوئلے ، گیس، ہائیڈل اور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ پورا کرے گی۔