مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا ،مقررہ وقت پر ریٹائر ہوجاوٴں گا ، آ رمی چیف،پاک فوج عظیم ادارہ ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں پوری عزم و استقلال کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان کا قومی مفاد مقدم ہے جس کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،جنرل راحیل شریف

منگل 26 جنوری 2016 09:58

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26جنوری۔2016ء) پاک فو ج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے مدت ملازمت میں توسیع کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ایک عظیم ادارہ ہے اور میں مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا ،مقررہ وقت پر ریٹائر ہوجاوٴں گا جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں پوری عزم و استقلال کے ساتھ جاری رہیں گی،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑ ت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آرمی چیف مقررہ تاریخ پر ریٹائر ہوجائیں گے۔

آئی ایس پی آر ترجمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں آرمی چیف کے حوالے سے کہا کہ' پاک فوج ایک عظیم ادارہ ہے اور میں مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا۔

(جاری ہے)

'پیغام میں آرمی چیف کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ میں مقررہ وقت پر ریٹائر ہوجاوٴں گا جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں پوری عزم و استقلال کے ساتھ جاری رہیں گی۔ترجمان آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کے حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کا قومی مفاد مقدم ہے جس کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے دلچسپی نہیں رکھتے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ فوج سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی اس ادارے کی خدمت کرتے رہیں گے۔ جنرل راحیل شریف نے اپنے دور میں ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں اور دہشتگردوں کے مکمل صفائے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں منفی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو یا تو ختم کر دیا گیا یا ان کو گرفتار کر کے ان کے انجام تک پہنچایا گیا۔

آرمی چیف کا کہنا ہے کہ میرے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ میں نے دنیا کی ایک سب سے بہادر فوج کی قیادت کی۔واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں برس نومبر میں ختم ہورہی ہے۔آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قیاس آرائیاں کافی عرصے سے خبروں میں گردش کر رہی تھیں۔گذشتہ برس ستمبر میں سابق صدر اور فوجی سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز پیش کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ فوجی سربراہ کی تبدیلی سے 'سب کچھ رائیگاں چلا جائے گا'۔

پرویز مشرف، جنھوں نے خود اپنی مدت ملازمت میں 5 سال کی توسیع حاصل کی تھی، کا کہنا تھا کہ وہ جنرل راحیل شریف کی عوامی مقبولیت سے بہت خوش ہیں کیونکہ وہ ’بہت اچھا کام‘ کررہے ہیں، جسے جاری رہنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ فوج میں لیڈر شپ کی کمی ہے تاہم ان کا مقصد یہ باور کروانا ہے کہ جنرل راحیل شریف کے جانے سے وہ سب اچھے کام بیکار ہوجائیں گے، جو انھوں نے شروع کیے ہیں۔پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ’وہ جب بھی جائیں گے اْن کے کیے جانے والے تمام اچھے کام تبدیل ہوجائیں گے، قومی احتساب کا عمل متاثر ہوگا اور فوجی عدالتیں ختم ہوجائیں گی۔‘