وزیراعظم او وزیر داخلہ کے درمیان اختلافات سامنے آگئے،نواز شریف نے چوہدری نثار کو کراچی آپریشن اور ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر تحفظات دور کرنے کے لیے وزیرداخلہ کو کراچی جانے کا کہا چوہدری نثار نے پیپلزپارٹی سے ملنے سے انکار کردیا ،جو لوگ میرا مذاق اڑانے سمیت غیر سنجیدہ باتیں کرتے ہیں ان سے نہیں مل سکتا نہ ہی میں ایسا کام کرنے کا عادی ہوں،چوہدری نثار کا وزیراعظم کو جواب

پیر 25 جنوری 2016 09:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25جنوری۔2016ء) وزیراعظم پاکستان اوروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ،وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو کراچی آپریشن سمیت ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر تحفظات دور کرنے کے لیے وزیرداخلہ کو کراچی جانے کا کہا گیا جس پر انہوں نے اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلزپارٹی سے ملنے سے انکار کردیا ہے ۔

خبر رساں ادارے کو ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے وزیراعظم پر واضح کردیا ہے کہ” جو لوگ میرا مذاق اڑانے سمیت غیر سنجیدہ باتیں کرتے ہیں ان سے نہیں مل سکتا نہ ہی میں ایسا کام کرنے کا عادی ہوں “۔وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی وفد سے مل کر ان تمام تحفظات دور کرنے کے لیے وفاقی وزیرداخلہ کو ٹاسک دیا تھااور وفاقی وزیرداخلہ کو کہا گیا تھا کہ وہ کراچی دورہ کرکے اپوزیشن کے تمام تحفظات دور کریں جس پر وفاقی وزیرداخلہ نے صاف انکار کردیا ہے اور کہاہے کہ کراچی آپریشن کو متنازع بنانے کی کو شش کی جارہی ہے جبکہ ان سے متعلق ایسی باتیں کی گئی ہیں جو اخلاقیات کے دائرہ میں نہیں آتیں اس لیے میں کراچی نہیں جاؤں گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چوہدری نثارعلی خان کی جانب سے پمز ہسپتال میں کمر درد کی تکلیف اور مکمل آرام کا مشورہ بھی اسی اختلاف کا حصہ ہے تاکہ میڈیا میں وزیرداخلہ اور وزیراعظم پاکستان کے اختلافات اور متنازع بیانات سے بچاجاسکے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیر اعظم پاکستان اور وزیرداخلہ کے درمیان متعدد باراختلافات کی خبریں سرگرم رہی ہیں اور کئی روز تک دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت بھی بندکر دی گئی تھی جس کے بعد ایک بار پھر وزیراعظم پاکستان اور وزیر داخلہ کے درمیان اختلافات شدد اختیار کرگئے ہیں ۔

خبر رساں ادارے کے رابطہ کرنے پر وزارت داخلہ کے ترجمان نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیرداخلہ بیماری کے باعث غیر حاضر ہیں ایسی کوئی بات ان کے علم میں نہیں ہے ۔