مسلم لیگ ق کے رہنما حلیم عادل شیخ کی عمران خان سے ملاقات ، تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

جمعہ 22 جنوری 2016 09:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22جنوری۔2016ء) مسلم لیگ ق کے رہنما حلیم عادل شیخ نے اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حلیم عادل شیخ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی، تحریک انصاف کی پالیسیوں سے مکمل اتفاق اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے حلیم عادل شیخ کے پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔بعد ازاں انہوں نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف محروم اور غریب طبقے کی امیدوں کا محور اور مرکز ہے۔

ان کے مطابق بڑی جماعتیں یکے بعد دیگرے اقتدار میں رہنے کے باوجود ملک کو درپیش مسائل کے حل میں بری طرح ناکام رہیں ہیں۔ تحریک انصاف بطور جماعت اور چیئرمین عمران خان بطور سیاسی قائد قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں، جس کے باعث انہوں نے پارٹی میں باضابطہ شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ قائداعظم کے رہنما حلیم عادل شیخ کے پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اورانہیں تحریک انصاف کی صفوں میں ایک عمدہ اضافہ قرار دیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حلیم عادل شیخ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد سندھ میں تحریک انصاف کے پیغام کو تقویت میسر آئے گی اور ملک کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی تبدیلی کا پیغام موثر انداز میں پھیلے گا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے بھی حلیم عادل شیخ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دی اور ان کا خیر مقدم کیا۔