خصوصی بچت سکیم سرمایہ کاری میں134فیصدکمی،قومی بچت سکیموں پرمنافع کی شرحوں میں بارہاکمی نے سرمایہ کاری کومتاثرکیا، سٹیٹ بینک کی رپورٹ کاانکشاف

جمعہ 22 جنوری 2016 09:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22جنوری۔2016ء) قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرحوں میں بار بار کمی کے باعث خصوصی بچت اسکیم سرمایہ کاری میں 134فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پہلی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق ڈیفنس سیونگ سر ٹیفکیٹ اور اسپیشل سیونگزکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مالی سال2015ء کی پہلی سہ ماہی میں ڈیفنس سیونگ سر ٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کی مالیت3.2ارب روپے تھی جو مالی سال2016ء زیر تبصرہ مدت میں گھٹ کر0.6ارب روپے پر آگئی اسی طرح اسپیشل سیونگ اسکیم کی سرمایہ کاری 9.8ارب روپے کی نمایاں کمی سے7.3 ارب روپے تک محدود رہی حیرت انگیز طور پر بہبود بچت اسکیم میں 7.4ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ خصوصی بچت اکاؤنٹ جو مالی سال2015ء کی پہلی سہ ماہی میں2.4ارب روپے منفی تھا اب بڑھ کر 19.7ارب روپے پر جا پہنچا ہے ۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرحوں میں بار بار کمی کے باوجود ان اسکیموں میں جمع کی گئی رقوم کی نمو مجموعی طور پر مالی سال2016ء کی پہلی سہ ماہی میں بھی گذشتہ سال کی طرح برقرار رہی ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اسپیشل سیونگ اسکیم میں سرمایہ کاری میں کمی کی اہم وجہ سہ ماہی کے دوران بڑی تعداد میں معیادوں کی تکمیل تھی ۔