بیہودہ اور فحش پروگرام پر پیمرا کا سماء ٹی وی چینل پردس لاکھ روپے جرمانہ

بدھ 20 جنوری 2016 06:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2016ء) پیمرا نے سماء ٹی وی چینل کو انتہائی فحش اور غیر اخلاقی پروگرام نشر کرنے اور نشریات میں موٴثر ایڈیٹوریل کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کردی ہے۔ سماء ٹی وی کے پروگرام "واردات" موٴرخہ 22جولائی 2015ءء میں ایک جرم کی کہانی کی ڈرامہ سازی کے دوران ایک لڑکے نے لڑکی کواپنے موبائل فون کے ذریعے انتہائی فحش پیغام (Text Message)بھیجا جو من و عن سماء ٹی وی پر دِکھایا گیا۔

جس سے نہ صرف عوامی جذبات مجروح ہوئے بلکہ پیمرا کو بھی سخت عوامی ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ مزید برآں ایسے جرم کی تمثیل کاری اور لکھے گئے الفاظ نہ صرف مروجہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی قدروں کے منافی تھے بلکہ پیمرا قوانین اورسپریم کورٹ کے نافذ کردہ ضابطہ ٴ اخلاق کے بھی صریحاً خلاف تھے۔

(جاری ہے)

جس کاپیمرانے سخت نوٹس لیتے ہوئے چینل انتظامیہ کو موٴرخہ 29جولائی 2015ءء کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا اور14یوم کے اندر جواب طلبی کی تھی ۔

چینل کی طرف سے خاطر خواہ جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں مذکورہ کیس پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کراچی کے سپرد کیا گیا تاکہ چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت فیصلہ کیا جائے۔لہٰذا کونسل آف کمپلینٹس کراچی، جس کی صدارت پروفیسر انعام باری نے کی ، نے اپنے 14جنوری 2016ءء کے منعقدہ اجلاس میں سماء ٹی وی چینل کے نمائندوں کا موٴقف سننے اور تمام ریکارڈنگ دیکھنے کے بعد متفقہ طور پر چینل پردس لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی۔

کونسل آف کمپلینٹس نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ایسی کسی بھی مزید خلاف ورزی کی صورت میں سماء چینل کے لائسنس کو یا معطل کیا جائے یا منسوخ کر دیا جائے۔کونسل نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ باقی تمام چینلز کو بھی ایک Circular جاری کیا جائے کہ وہ جرائم سے متعلقہ پروگرام نشر کرتے ہوئے حد درجہ احتیاط کریں۔کونسل آف کمپلینٹس کی سفارش کے مطابق جرمانے کے اطلاق کے لیے سماء چینل کا کیس اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں مزید کاروائی کیلئے پیش کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :