شوکت یوسفزئی پی ٹی آئی کی صدارت کے امیدوار نامزد، انٹرا پارٹی انتخابات میں محنتی اورمخلص ورکروں کو آگے لانے کا اعلان

بدھ 20 جنوری 2016 06:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2016ء)سابق صوبائی وزیر صحت اور پشاور میگا پراجیکٹس کے فوکل پرسن شوکت علی یوسفزئی پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات میں صوبائی صدارت کے امیدوار نامزد ہوئے ہیں گزشتہ روزتحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کا اجلاس ہوا جس میں شوکت یوسفزئی کوصوبائی صدارت کے لئے نامزد کیاگیا وہ2013 کے انٹر ا پارٹی انتخابات میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے تھے جبکہ وہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے سیاسی مشیر بھی رہ چکے ہیں ایک پریس ریلیز کے مطابق شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو نظریاتی بنیادوں پر متحد کیاجائے گا اور وہ خود بھی مایوس کارکنوں کی آواز بنیں گے انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف صوبے میں مضبوط سیاسی قوت بن کر ابھرے اور آئندہ الیکشن میں اکثریت لے کر اپنی حکومت بنائے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ صوبے کے کونے کونے میں انتخابی مہم کے لئے جائیں گے اورانہیں پوری امیدہے کہ پارٹی کے حقیقی کارکن انکابھرپور ساتھ دیں گے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اورعمران خان پاکستان کے لئے واحد امید ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اپنی قیادت صوبے میں آئے جو کہ ہر حالت کا مقابلہ کرے اورپارٹی کونظریاتی بنیادوں پر استوار کرے انہوں نے کہا کہ ورکرز پارٹی کا اصل اثاثہ ہیں محنتی اور مخلص کارکنوں کو آ گے لے کرآئیں گے ۔