وزیراعظم سعودی عرب اور ایران کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ڈیووس سوئٹزرلینڈ روانہ ، تہران ایئر پورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اور اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو رخصت کیا،وزیراعظم 20 سے 25 جنوری تک ڈیووس میں منعقد ہ عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرینگے

بدھ 20 جنوری 2016 07:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف سعودی عرب اور ایران کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کیلئے منگل کو تہران سے ڈیووس سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے۔ تہران ایئر پورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اور اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف 20 سے 25 جنوری تک ڈیووس میں منعقد ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس 2016ء میں شرکت کرینگے جس میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت و حکومت، سرکردہ کاروباری شخصیات، دانشور اور ذرائع ابلاغ کے رہنماؤں سمیت کم و بیش تین ہزار شخصیات شرکت کریں گی۔

وزیراعظم نواز شریف اس موقع پر کئی عالمی تقریبات میں شرکت اور اہم سیاسی و کاروباری رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

جنوبی ایشیاء پر توجہ کی حامل ایک تقریب میں وزیراعظم نواز شریف علاقائی استحکام اور مواصلاتی روابط کے حوالے سے اپنی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کا وژن پیش کریں گے۔ اس تقریب کے دیگر شرکاء میں سری لنکا کے وزیراعظم رامیل وکراما سنگھے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر اور بنگلہ دیش کے نوبل انعام یافتہ بینکار محمد یونس شامل ہیں۔

وزیراعظم ”پاک فائنڈرز گروپ“ کے زیر اہتمام ناشتے پر اجلاس میں ”پاکستان ۔ کاروباری مواقع کی سرزمین“ کے موضوع پر تقریباً 100 کاروباری رہنماؤں سے بھی خطاب کریں گے۔ وہ عالمی اقتصادی لیڈرز کے غیر رسمی اجتماع کے ظہرانے میں بھی شریک ہوں گے جس میں وہ 80 سے زائد سرکردہ کاروباری اور سیاسی شخصیات کے ساتھ گفتگو کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف جنیوا میں یورپی تنظیم برائے جوہری تحقیق (سرن) کا بھی دورہ کریں گے۔ پاکستان گزشتہ برس ”سرن“ کا ایسوسی ایٹ ممبر بنا اور اسے ایشیاء سے ”سرن“ کا پہلا ایسوسی ایٹ ممبر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ وزیراعظم کا ”سرن“ کا دورہ پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا عکاس ہوگا۔