صوبائی زکوة کونسل نے دینی و تعلیمی وظائف کی مد میں 5کروڑ 25لاکھ روپے کے اجرا کی منظوری دے دی،تعلیمی وظائف جنرل کے لیے 2کروڑ 43لاکھ ، دینی وظائف کے لیے 2کروڑ 83لاکھ روپے دئیے جائیں گے،تعلیمی وظائف جنرل سے صوبہ کے 15اضلاع کے 136تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 4823طلبا و طالبات کو دئیے جائیں گے،صوبہ کے 12اضلاع کے 892دینی مدارس میں زیر تعلیم 12329مستحق طلبامستفید ہوں گے، سماجی بحالی کی سکیم کی مد میں امدادی رقم 2لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ روپے کردی گئی،خواتین کو ایک کروڑ کی مالیت کی سلائی مشینیں دی جائیں گی،چیئرمین صوبائی زکوة کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی زیر صدارت کونسل کے 161ویں اجلاس میں فیصلے

منگل 19 جنوری 2016 08:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19جنوری۔2016ء) صوبائی زکوة کونسل نے 2015-16کے لیے تعلیمی وظائف برائے دینی مدارس اور تعلیمی وظائف جنرل کی مد میں 5کروڑ 25لاکھ 65ہزار روپے کے اجرا کی منظوری دے دی ہے اور یہ رقم مستحق طلبا و طالبات کو فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس امر کافیصلہ گزشتہ روز چیئرمین صوبائی زکوة کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی سربراہی میں ہونے والے کونسل کے 161ویں اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی سیکرٹری زکوة و عشر حبیب الرحمن گیلانی، ایڈمنسٹریٹر زکوة پنجاب محمد یوسف بٹ ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوة (فیلڈ)رانا محمد سجاد بابر ، اراکین کونسل سعید احمد انصاری، محمد اظہر فاروقی ، محترمہ تنویر کوثر، محکمہ خزانہ ،لوکل گورنمنٹ اورسوشل ویلفیئرکے محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلعی زکوة کمیٹیوں کو تعلیمی وظائف ریگولر کے لیے صوبہ کے 15اضلاع کے 136تعلیمی اداروں کے لیے 2کروڑ 42لاکھ 66ہزار روپے کی منظوری دی جس سے ان اداروں میں زیر تعلیم 4823طلبا و طالبات مستفید ہوں گے جبکہ تعلیمی وظائف برائے دینی مدارس کی مد میں صوبہ کے 12اضلاع کے 892دینی مدارس کے لیے 2کروڑ 83لاکھ روپے کے اجرا کی بھی منظوری دے دی جس سے12329طلبا و طالبات مستفید ہوں گے۔

سیکرٹری زکوة وعشر حبیب الرحمن گیلانی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ دینی مدارس اورجنرل تعلیمی اداروں کومختص کی گئی رقوم کا بروقت اجراء یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ضلعی زکوة کمیٹیاں ششماہی فنڈز کے حصول کے لیے اپنی درخواستیں 31جولائی اور یکم فروری سے قبل جمع کروائیں ورنہ اس رقم کو دیگر ضلعی زکوة کمیٹیوں میں تقسیم کردیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اضلاع میں تعینات زکوة پیڈ سٹاف اور تعلیمی وظائف جنرل کی مد میں دی جانے والے رقوم کو موبائل بینکنگ کے ذریعے تقسیم کیا جائے تاکہ انہیں رقم کے حصول میں تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس سکیم کا پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر صوبہ کے 5اضلاع سے آغاز کیا جائے ۔

اجلاس میں خود روزگار سکیم کے حوالے سے مستحقین کو فراہم کی جانے والی امدادی رقوم میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس کی حد کو 2لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ روپے کرنے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ اس سکیم سے استفادہ کرنے والے زیادہ بہتر طریقے سے اپنے کاروبار کا آغاز کرسکیں۔اجلاس میں کونسل کے اراکین نے سنٹرل پول (سماجی بحالی سکیم)کے تحت مستحق خواتین میں سلائی مشینوں اور مستحق افراد میں آٹو رکشہ کی فراہمی کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیااور ابتدائی طور پر ڈویژن کی سطح کے 9اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 70رکشہ تقسیم کرنے جبکہ مستحق خواتین میں ایک کروڑ روپے کی مالیت کی سلائی مشینیں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ان تمام معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے باقاعدہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :