ایران سے عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد نواز شریف تہران کا دورہ کرنیوالے پہلے عالمی رہنماء ہوں گے،طلال چوہدری ، وزیراعظم دس فروری کو قطر کے ساتھ دنیا کا سستا ترین ایل این جی معاہدہ کریں گے، صحافیوں سے گفتگو

منگل 19 جنوری 2016 08:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایران سے عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد نواز شریف دنیا کے پہلے وزیراعظم ہوں گے جو ایران کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم دس فروری کو قطر کے ساتھ دنیا کا سستا ترین ایل این جی معاہدہ بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب ثالثی کا نام سننے کیلئے بھی تیار نہ تھے لیکن پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم پاکستان اسی سلسلے میں سعودیہ اور ایران کے دورہ پر ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یمن کے معاملے میں بھی ہماری حکومت کے اہم کردار ادا کیا جسے ساری دنیا نے سراہا۔

اسی طرح سعودی عرب اور ایران معاملے میں بھی پاکستان ثالثی کرتے ہوئے اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کی کشیدگی کم کرنے میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نواز شریف دس فروری کو قطر کے ساتھ گیس کا معاہدہ کرنے جارہے ہیں جو دنیا میں گیس کا سستا ترین معاہدہ ہوگا۔ میاں نواز شریف دنیا کے پہلے وزیراعظم ہیں جو ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد ایران کا دورہ کریں گے۔