تعلیمی اداروں سے داعش کے روابط،وزارت داخلہ نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں ،ہوسٹلز کی سیکورٹی نئے سرے سے مرتب کرنے کی ہدایات کردی

پیر 18 جنوری 2016 10:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء)تعلیمی اداروں میں داعش سے روابط ،مواد اور لٹریچر ملنے پر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران کو ذمہ دار ٹھرایاجائے گا اور ان کے خلا ف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،تعلیمی اداروں سے داعش روابط والے افراد کی گرفتاریوں کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں ،ہوسٹلز کی سیکورٹی نئے سرے سے مرتب کرنے کی ہدایات کردی ،تعلیمی اداروں میں طلباء کو دیا جانے والے لٹریچر سمیت دیگر مواد پر کڑی نظر رکھی جائے وفاقی وزارت داخلہ نے وفاق سمیت صوبائی حکومت کو خط کے ذریعے آگاہ کیاگیا ہے کہ سابقہ تعلیمی اداروں میں ہونے والے واقعات میں متعلقہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پیش آئے ہیں جس کے تدارک کے لیے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نہ نبھانے پر اعلیٰ افسران کو موردالزام ٹھہراکرکارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق حالیہ چند ماہ میں حیران کن طورپر تعلیمی اداروں سے عالمی دہشت گردتنظیم دولت اسلامیہ ”داعش“ سے روابط والے افراد کی گرفتاریوں اور شام جانے کے واقعات میں اضافہ کے بعد وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے نئے سرکلر کے ذریعے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں ،رہائشی کالونیوں اور طلباء وطلبات کی سرگرمیوں پر کڑی نظررکھنے کے پابند ہوں گے ۔

تعلیمی اداروں میں انتظامیہ اور مذہبی جماعتوں سمیت تمام طرح کے مواد پر بھی نظر کھی جائے ۔آئندہ تعلیمی ادارو ں سے داعش سے ملتا جلتا لٹریچر اور مشکوک افراد کی گرفتاریوں پر انتظامیہ اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ دنیا بھر سمیت پاکستان میں گزشتہ دو سالوں کے دوران عالمی دہشت گرد تنظیم داعش میں شمولیت کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہواہے حیران کن طورپر ان میں سب سے زیادہ تعداد تعلیمی اداروں سے داعش میں شمولیت اور لٹریچر کی تقسیم سامنے آئی ہے ۔

حساس اداروں کی جانب سے حالیہ دی جانے والی رپورٹ کے بعد وزارت داخلہ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر سمیت تعلیمی اداروں میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران کو صف اول کا کردار اداکرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :