سندھی وزیراعظم کے ساتھ غیرسندھی وزیراعظم سے مختلف سلوک کیاگیا،بلاول بھٹو، طاقت کا سرچشمہ عوام اور صرف عوام ہیں ،پیپلزپارٹی اسٹیٹس کو کیخلاف جماعت ہے ،جلد ملک کے تمام علاقوں کا دورہ کرکے کارکنوں کو متحرک کر ونگا، پارٹی عہدیداروں اور ورکروں سے ملاقات

پیر 18 جنوری 2016 09:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے جہ سندھی وزیراعظم کے ساتھ غیرسندھی وزیراعظم سے مختلف سلوک کیاگیا، طاقت کا سرچشمہ عوام اور صرف عوام ہیں ،پیپلزپارٹی اسٹیٹس کو کے خلاف جماعت ہے ، وہ جلد ملک کے تمام علاقوں کا دورہ کریں گے اور کارکنوں کو متحرک کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پشاور، مردان، بنوں اور کرک ڈویژن کے پارٹی کے عہدیداروں اور ورکروں سے ملاقات کے دوران کیا ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو منشور واضح طور پر کہتا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام اور صرف عوام ہیں اور ملک کے تمام دیگر ادارے عوام کی مرضی کے تابع ہیں تاہم آپنے گزشتہ کئی دہائیوں سے دیکھا ہے کہ غیرمنتخب عناصر نے ریاست کی طاقت پر بتدریج قبضہ کر لیاہے۔

(جاری ہے)

سب سے خراب بات یہ ہے کہ منتخب نمائندوں کو ساری برائیوں کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے جبکہ ریاست کی طاقت پر حقیقی قابض لوگوں کا احتساب نہیں کیاگیا حالانکہ انہوں نے ریاست اور معاشرے کے خلاف خراب ترین جرائم کئے ہیں۔

ریاست پر قابض لوگوں کا احتساب نہ ہونا اور صرف بے طاقت منتخب نمائندوں کو قوم کے بحرانوں کا ذمہ دار قرار دینا درست نہیں اور اس نکتے کو ہر صورت میں حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ جمہوری قوتوں کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے تاہم پیپلزپارٹی اسٹیٹس کو کے خلاف جماعت ہے اور پیپلزپارٹی کو یہ غیرمتوازن نکتہ حل کرنے میں پہل کرنی چاہیے۔

اب پیپلزپارٹی اسی وقت ایسا کر سکتی ہے جب اس کے کارکن متحد اور پرخلوص ہوں اور اسی لئے وہ پارٹی کے کارکنوں کو اتحاد قائم کرنے پر زور دیتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ، غیرمنتخب عناصر اور اسٹیٹس کی قوتوں کی وجہ سے نقصان اٹھایا ہے کیونکہ یہ تمام لوگ عوام کے دئیے ہوئے فیصلے کو ماننے سے انکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین اور پاکستان کے پہلے براہِ راست وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو عدالتی قتل کا نشانہ بنے اور پارٹی کی دوسری سربراہ اور مسلم دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم کو سکیورٹی رسک قرار دیا گیا تھا اور تمام زندگی انہیں تنگ کیا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ سندھی وزیراعظم کے ساتھ غیرسندھی وزیراعظم سے مختلف سلوک کیاگیا۔ پارٹی کے متعدد لوگوں کی جان لی گئی، کوڑے مارے گئے، جیلوں میں ٹھونسا گیا اور جلا وطنی کے لئے مجبور کیا گیا صرف اس لئے کہ انہوں نے جمہوریت اور عوام کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ جلد ملک کے تمام علاقوں کا دورہ کریں گے اور کارکنوں کو متحرک کریں گے۔

متعلقہ عنوان :