وزیر اعظم آرمی چیف کے ہمراہ کل سعودی عرب اور ایران کا ہنگامی دورہ کریں گے،دونوں ممالک کو کشیدگی خاتمے اور تعلقات معمول پر لانے کیلئے آمادہ اور ثالثی کے کردار کی پیشکش کریگا

اتوار 17 جنوری 2016 04:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17جنوری۔2016ء) وزیراعظم محمدنواز شریف آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ کل (پیرکو) سعودی عرب اورایران کا ہنگامی دورہ کریں گے جہاں وہ ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کریں گے جس کے بعد تہران میں ایرانی صدرحسن روحانی سے ملیں گے ،دونوں اسلامی برادر ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتوں میں کشیدگی کے خاتمے اور تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے اہم امورت پر تبادلہ خیال کیا جائیگا،وزیر اعظم دونوں ممالک کو تعلقات کی بہتری کے لیے ثالثی کے کردار کی پیش کش کرے گا ،میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات کو ختم کرنے کے لیے ثالثی کاکردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس حوالے سے پیر کے روز سعودی عرب اور ایران کا ہنگامی دورہ کریں گے ،وزیراعظم کے ہمراہ ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ،مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر حکام بھی ساتھ ہوں گے ،رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پیر کے روز سعودی عرب جائیں گے جبکہ منگل کے روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچیں گے ،رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے ہنگامی دورے کا مقصد دنوں اسلامی برادر ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدہ تعلقات کوختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت دونوں ممالک کے حکام کو تعلقات کی بہتری کے لیے بات چیت سے معاملات کو حل کرنے پر آمادہ کریں گے اور ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش بھی کریں گے ۔