یمن: یرغمال وزیرتعلیم سمیت متعدد افراد کو رہا کر دیاگیا ،رہائی پانے والوں میں سعودی عرب کے اساتذہ بھی شامل

ہفتہ 16 جنوری 2016 09:10

صنعاء( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16جنوری۔2016ء )یمن میں حوثی شت پسندوں نے یرغمال بنائے وزیرتعلیم عبدالرزاق الاشول، چار سرکردہ سماجی کارکنوں اور سعودی عرب کے دو اساتذہ سالم الغامدی اور عبدالمرضی الشراری کو رہا کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مندوب اسماعیل ولد الشیخ نے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ رہائی پانے والے سعودی اساتذہ کو جیبوتی منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی کا کہنا ہے کہ باغیوں کے زیرحراست وزیردفاع محمود الصبیحی، صدر منصور ھادی کے بھائی ناصر ھادی اور ابین گورنری کے فوجی کمانڈر فیصل رجب بہ خیریت ہیں۔ادھر یمن میں محاذ جنگ سے سامنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یمن کے بڑے شہروں تعز، مآرب، الضالع اور الجوف میں حکومت نواز فورسز کی علی صالح ملیشیا اور حوثی باغیوں سے گھمسان کی جنگ جاری ہے۔مختلف اضلاع میں اتحادی طیاروں نے بھی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے، جس میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔ شمالی الضالع میں حکومتی فورسز نے باغیوں کا ایک بڑا حملہ پسپا کر دیا ہے۔