کرپشن کیس،اسپین کی شہزادی عدالت کے سا منے پیش ، شہزادی کرسٹینا اور ان کے خاوند کرپشن اور ٹیکس چوری کے الزامات ہیں

جمعرات 14 جنوری 2016 02:42

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14جنوری۔2016ء)اسپین کے جزیرے مایوریکا میں شہزادی اور ان کے شوہر کو کرپشن کیس میں عدالت میں پیش ہونا پڑا۔اسپین کی شہزادی اور موجودہ بادشاہ فلپ اے ششم کی بہن شہزادی کرسٹینا اور ان کے خاوند اینکی اردنگرین پر کرپشن اور ٹیکس چوری کے الزامات ہیں جن کی صفائی کے لئے انہیں عدالت میں پیش ہونا پڑا۔شہزادی بغیر کسی پروٹوکول کے عدالت پہنچیں۔

دونوں ملزمان اوراس کیس میں ملوث دیگر افراد کو ایک ساتھ بٹھایا گیا جبکہ معزز ججز کی پشت پر شہزادی کے بھائی شاہ فلپ اے ششم کی تصویر آویزاں تھی۔

(جاری ہے)

شہزادی اور ان کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک غیرمنافع بخش اداریکے فنڈز میں خردبرد کی ہے۔کیس میں شہزادی کرسٹینا اور ان کے شوہر کے علاوہ دیگر سولہ افراد کے نام شامل ہیں تاہم وہ جرم سے انکاری ہیں۔

اگر 50 سالہ شہزادی کرسٹینا پر کرپشن کا الزام ثابت ہوجاتا ہے تو تین رکنی عدالتی بینچ کی جانب سے انہیں آٹھ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ ان کے خاوندکو 19سال قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اسپین کی تاریخ میں پہلی بار شاہی خاندان کا کوئی رکن عدالت میں کسی مقدمے میں بطور ملزم پیش ہوا ہے۔ شہزادی سابق بادشاہ خوان کارلوس کی بیٹی ہیں اور ان کے خاوند آئس ہاکی کے سابق اولمپیئن ہیں۔

متعلقہ عنوان :