چیئرمین نادرا کی ایڈوائز سے سرد جنگ، عثمان مبین نے وزیر داخلہ کو استعفیٰ پیش کر دیا، ماتحت افسران کی جانب سے احکامات نہ ماننے سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے،عثمان مبین نے وزیر داخلہ کو ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کردیا ،وزیر داخلہ کی چےئرمین نادرا کو معاملے کا ذاتی طورجائزہ لینے کی یقین دہانی،چوہدری نثار نے سابقہ تنخواہ کی ادائیگی کی بھی حامی بھر لی

جمعرات 14 جنوری 2016 02:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14جنوری۔2016ء)نادرا میں ووٹر لسٹوں کے معاملہ پرنااہل افراد کو انچارج بنانے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے سابق نادرا چےئرمین طارق ملک کے بعد موجودہ چےئر مین عثمان مبین کو مبینہ طورپر حراساں کیے جانے کا انکشاف ہواہے ،نادرا کے ماتحت افسران کی جانب سے چےئرمین نادرا کے احکامات ماننے سے انکار پر معاملہ سنگین نوعیت اختیارکرگیا ہے ،چےئرمین نادرا کوگزشتہ 10ماہ کے طویل عرصے سے بنیاد ی تنخواہ نہ ملنے کا بھی انکشاف ہواہے ،نادرا کے چےئرمین عثمان مبین نے ایڈوائزصمد خرم اور ووٹر لسٹوں کے انچارج سید مظفر علی شاہ سے سرد جنگ کے بارے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو آگاہ کر کے استعفیٰ پیش کر دیا ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے معاملے کو از خود حل کرانے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق موجودہ چےئرمین نادرا عثمان مبین مشکلات میں گھرے نظر آتے ہیں اور اس معاملے کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدر ی نثار علی خان کو باضابطہ طورپر آگا ہ کردیاگیاہے ۔ چےئرمین نادرا عثمان مبین نے وفاقی وزیر داخلہ کو حالیہ ملاقات میں نادرا میں درپیش مشکلات کے بارے میں تحفظات سے آگاہ کیا جس میں ان کا کہنا تھاکہ انہیں ماتحت افسران کی جانب سے احکامات نہ ماننے سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ میرے تحفظات کو دور نہ کیا گیا تو میں اس ذمہ داری سے دست بردار ہوں جاؤں گا ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس موقع پر چےئرمین نادرا کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کاذاتی طورجائزہ لیں گے اور ان کے تمام تحفظات کو دور کیاجائے گا ۔ انہوں نے چےئرمین کی سابقہ تنخواہ کی ادائیگی کو بھی یقینی بنانے کی بھی حامی بھری ہے ۔خبر رساں ادارے کے رابطہ کرنے پر وزارت داخلہ کے ترجمان سرفراز احمد نے اس معاملے پر لاعلمی کا اظہار کردیا ہے ۔