پٹھا ن کوٹ حملے میں اہم پیشرفت، کالعدم تنظیم کے متعدد ملزمان گرفتار،دفاترسیل،پٹھان کوٹ ایئربیس جائے وقوعہ کے دورے کیلئے خصوصی ٹیم بھارت بھجوائی، حملے کی مزید تحقیقات کیلئے بھارتی حکام سے مشاورت اور معلومات لی جائینگی، اجلاس کا اعلامیہ،وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں سعودی ایران کشیدگی ،34اسلامی ممالک کے اتحاد میں شمولیت سمیت ملکی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال،پاکستانی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھارت کیساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے،نوازشریف کا خطاب،وزیراعظم نے پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی 6رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

جمعرات 14 جنوری 2016 02:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14جنوری۔2016ء)پاکستان نے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ بھارتی حکام سے حملے سے متعلق مزید معلومات طلب کرلی ہیں۔بدھ کے روز وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوا جس میں سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مشیرخارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پٹھان کوٹ حملہ واقعہ ،سعودی ایران کشیدگی ،34اسلامی ممالک کے اتحاد سمیت ملکی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کی پاکستان آمد اور ملاقاتوں کے حوالے سے شرکاء کو اعتماد میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز اورافغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ کے قریب ہونیوالے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔

اجلاس کے دوران شرکا نے بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات اورتفتیش میں پیش رفت ، دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ سکیورٹی حکام کی جانب سے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے فراہم کئے گئے ثبوتوں پر کارروائی کی گئی اور اس دوران بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ پرحملے میں ملوث ملزمان پکڑلئے گئے جبکہ ملک میں کالعدم تنظیموں کے دفاتر سیل کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ پورے ملک میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے دفاتر کو ڈھونڈ کر ان پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی وانتہا پسندی کا خاتمہ چاہتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین بھارت سمیت کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی ۔وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاکستان بھارت کے ساتھ رابطے میں رہے گا اور مکمل تعاون جاری رکھے گا ۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ابتدائی تفتیش اور معلومات کی روشنی میں حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتارکیا جاچکا ہے جن کا تعلق کالعدم جیش محمد سے ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق کالعدم جیش محمد کے متعدد ارکان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے دفاترسیل کردیئے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کے تحت بھارت سے رابطے میں رہیں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹھان کوٹ واقعے کی مزید تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم بھارت میں پٹھان کورٹ ایئربیس جائے وقوعہ پر بھیجی جائے گی اور اس کے حوالے سے بھارتی حکام سے مشاورت ہوگی جبکہ بھارت سے مزید معلومات بھی طلب کی جائیں گی ۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی 6رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی ہدایات کے مطابق پٹھان کوٹ واقعہ سے متعلق بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی میں خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے بریگیڈئیرنعمان سعید،ملٹری انٹیلی جنس کے لفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا،ڈائریکٹرایف آئی اے عثمان انور،ایڈیشنل ڈائریکٹرسی ٹی ڈی کے پی کے کی صلاح الدین ڈائریکٹرآئی بی عظیم ارشدمحکمہ انسداددہشتگردی پنجاب کے ایڈیشنل ا#ٓئی جی رائے طاہرشامل ہیں ،کمیٹی کے کنونیئرایڈیشنل آئی جی پنجاب رائے طاہرہونگے ،کمیٹی واقع میں ملوث بعض افرادکی تحقیقات بھی کریگی