اسلام آباد سمیت ملک کے بیشترحصوں میں بارش،موسم خوشگوار،دیامر اور چترال میں وقفے وقفے سے برفباری جاری،بلوچستان اور کشمیر میں بارش کا امکان

بدھ 13 جنوری 2016 09:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13جنوری۔2016ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ دیامر اور چترال میں رات سے وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے ،بلوچستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور خشک سردی اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے ۔

ملتان،مظفر گڑھ،جہانیاں اور بھکر سمیت پنجاب کے کئی علاقو ں میں بارش ہوئی جس کے باعث سردی بڑھ گئی۔ کشمیر اور بلوچستان میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومتپشاور اور چارسدہ بھی بوندہ باندی ہوئی۔دیامر اور چترال میں رات سے وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں گوجرہ ، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

ملتان میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت بڑھادی۔ مظفر گڑھ میں بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا۔ جہانیاں ، میاں چنوں، گڑھ مہاراجا سمیت بیشتر علاقوں میں بھی کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہفیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ ، اٹک کبیر والا اور دیگرشہروں میں بھی بارش کے بعد موسم کی رنگینی بڑھ گئی ، پارہ گرنے سے شدید سردی کی لہر لوٹآئی۔

خیبرپختون خوا میں بھی بادل برس رہے ہیں۔پشاور اور گردونواح میں ہلکی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری سے سردی بڑھ گئی ہے۔ چترال میں گرم چشمہ،لواری ٹاپ پر رات سے وقفے وقفے سیبرفباری ہورہی ہے۔ادھر گلگت بلتستان سمیت مختلف بالائی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے سے سردی اور بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ ، زیارت اور گرد و نواح میں آسمان سے برف کے سفید گالے گرنے کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، زیارت کا درجہ حرارت منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے لگا۔