خیبر ایجنسی: چھ سال بعد سپاہ قبائل کی گھروں کو واپسی ، ہر خاندان کو واپس جانے کے لیے دس ہزار روپے اور اس کے علاوہ فی خاندان 25 ہزار روپے نقد بھی دیے جائیں ،فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی

بدھ 13 جنوری 2016 09:25

پشا ور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13جنوری۔2016ء)پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والے سپاہ قبائل کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔فاٹا ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق چھ سال قبل بے گھر ہونے والے اس قبیلے کی واپسی کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔فاٹا ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہر خاندان کو واپس جانے کے لیے دس ہزار روپے دیے جائیں گے اور اس کے علاوہ فی خاندان 25 ہزار روپے نقد بھی دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ماضی میں سپاہ قبائل پر شدت پسندوں کی پشت پناہی کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات لگتے رہے ہیں۔کالعدم شدت پسند تنظیم لشکر اسلام کے سربراہ منگل باغ کا تعلق بھی سپاہ قبیلے سے ہے۔ حکومت کی طرف سے سپاہ قبائل پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے تاہم گورنر کی جانب سے جرمانے کی رقم میں کمی کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں چھ سال کی کوششوں کے بعد امن بحال کر دیا گیا ہے اور پچھلے ہفتے باڑہ کے تمام بازار دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا گیا۔پشاور شہر سے تقریباً سات کلومیٹر کے فاصلے پر واقع باڑہ کے تاریخی بازار کو کسی زمانے میں پورے ملک میں سمگل کیے گئے سامان کا مرکز سمجھا جاتا تھا۔ یہی اس بازار کی تمام ملک میں شہرت کی سب سے بڑی وجہ تھی۔

متعلقہ عنوان :