اسپین ،صوبہ کاتالونیا کے نئے صدر نے ذمہ داری سنبھال لی

منگل 12 جنوری 2016 09:38

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12جنوری۔2016ء)اسپین کے صوبے ”کاتالونیا“ کے لئے نئے صدر کارلوس پوجیمونت نے اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ وہ سیاسی جماعت ’کْپ‘کے ساتھ اعصاب شکن مذاکرات کے بعد کاتالونیا جنرلیتات کے صدر بنے ہیں۔’کْپ“ کا مطالبہ تھا کہ وہ سابق صدر آرتر ماس کے علاوہ کسی اور کو صدارتی امیدوار پر متفق ہوں گے جبکہ دوسری جانب ’سی ڈی سی ‘ کے صدر اور آزاد کاتالونیا کے حامی سابق صدر اپنی صدارت پر مصر تھے۔

یہاں یہ امر دلچسپی کا باعث ہے کہ اگر مذاکرات ناکام ہو جاتے تو نئے صوبائی الیکشن لازم تھے اور نئے انتخابات کے لئے آرتر ماس دو روز قبل آمادگی کا اظہار بھی کر چکے تھے۔نئے صدر کارلوس پوجیمونت کے نام پر اتفاق نئے انتخابات کی مدت شروع ہونے سے تیس گھنٹے قبل ہوا۔

(جاری ہے)

نئے صدر موجودہ حیثیت میں کاتالونیا کے بڑے شہر خرونا کے میئر ہیں۔نئے صدر کے ساتھ سی ڈی سی پارٹی کی اہم رہنما نوئس مونتے نائب صدر ہوں گی۔

کاتالان پارلیمنٹ کے انتخابات 27دسمبر 2015کو ہوئے تھے اور اس وقت سے لے کر یہ مسئلہ اٹکا ہوا تھا۔اس کی وجہ سی ڈی سی پارٹی کے سربراہ آرتر ماس کا صدارت کے امیدوار کے طور پر میدان میں آنا تھا اور سی ڈی سی پارٹی کی اتحادی ” کْپ “ اس کے لئے رضامند نہیں تھی۔کارلوس پوجیمونت نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آزاد اور خود مختار کاتالونیا کے لئے جدوجہد کریں گے اور یہی ان کے انتخابی اتحاد کا نعرہ تھا۔انہوں نے کاتالان صدارت کے لئے ہونے والے مذاکرات کی تاخیر پر بھی معذرت کی۔کاتالونیا کی حکومتی پارٹی سی ڈی سی کے پاکستانی ممبران کامران خان اور طارق حفیظ عباسی نے اپنی پارٹی کے نئے صدر کو مبارک باد دی ہے۔