وطن کے تحفظ کیلئے جان بھی حاضر ہے، امرجیت سنگھ

پیر 11 جنوری 2016 09:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11جنوری۔2016ء) پاکستان رینجرز میں بھرتی ہونے والا امرجیت سنگھ پہلا پاکستانی سکھ ہے جو واہگہ بارڈر پر پریڈ میں حصہ لے رہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وطن کے تحفظ کے لیے جان بھی حاضر ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز میں بھرتی ہونے والے امرجیت سنگھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلا پاکستانی سکھ ہے جو باب آزادی کی پریڈ کا حصہ بن رہا ہے۔

امر جیت سنگھ کا جوش وجذبہ اور خوشی قابل دید ہے۔

(جاری ہے)

امرجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ اسے خوشی ہے کہ وہ بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب پاکستان رینجر کا حصہ بنا۔ باب آزادی کی پریڈ میں شامل ہونا اس کا ایک خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہو گیا۔ وطن کی محبت سے سرشار امرجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ مادر وطن پر جان قربان کرنا اس کے لیے ایک اعزاز ہو گا۔امرجیت سنگھ کی یوں واہگہ بارڈر پر تعیناتی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھنے کے لیے بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب برابری کی بنیاد پر تمام مواقع اور حقوق حاصل ہیں۔