سعودیہ ،ایران جنگ کی باتیں کرنے والوں کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں،سعودی نائب ولی عہد،سعودیہ،ایران جنگ ایک تباہی کا آغاز ہوگی،ریاض اس جنگ کی اجازت نہیں دیگا،شہزادہ محمد بن سلمان

ہفتہ 9 جنوری 2016 09:27

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8جنوری۔2016ء)سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور ایران کے درمیان جنگ ایک تباہی کا آغاز ہوگی اور الریاض اس جنگ کی اجازت نہیں دے گا۔انھوں نے یہ بات برطانوی جریدے اکنامسٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس کی ہم کوئی پیشین گوئی نہیں کرسکتے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوبھی یہ سوچ رہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان جنگ ہوگی یا شروع ہونے والی ہے اس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے،شہزاد محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ اگر سعودی عرب اور ایران کے درمیان جنگ ہوئی تو دنیا پر بہت سخت اثرات مرتب ہوں گے۔

ہم یقینی طور پر ایسی کسی چیز کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن کا خواہاں ہے اور کسی بھی کشیدگی کے حق میں نہیں کیونکہ اس کشیدگی کے اثرات نہ صرف مسلم ممالک بلکہ پوری دنیا اس کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں ،اس وقت خطہ کسی صورت کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔