نتیجہ جو بھی ہو ،تخت لاہور سے ٹکرا ؤں گا ،جمشید دستی ،شہباز شریف خود چوبیس قتلوں میں ملوث ، ارکان اسمبلی پر دہشتگردی کے مقدمے درج کرارہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 7 جنوری 2016 09:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7جنوری۔2016ء)آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید خان دستی نے کہا ہے کہ وہ تخت لاہور سے ٹکرائیں گے چاہے نتیجہ جو بھی ہو ،شہباز شریف خود چوبیس قتلوں میں ملوث ہیں مگر ارکان اسمبلی پر دہشتگردی کے مقدمے درج کرارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ میں سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں ایم ایس کی کرپشن کے خلاف عملے نے ہڑتال کررکھی تھی جس میں معاملہ بگڑنے کا ڈر تھا مریضوں کو مشکلات پیش آرہی تھیں میں نے وہاں جاکر ایم ایس کو چلے جانے کا کہا وہ عزت سے چلے گئے اور اس کا شوشا یہ چھوڑ دیا گیا کہ میں نے انہیں دھکے مار کر نکالا ہے اور مکے مارے ہیں حالانکہ ایسا کوئی واقعہ سرے سے ہوا ہی نہیں ،آزادانہ تحقیقات کرالی جائیں جرم ثابت ہوتو مجھے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پھانسی دے دی جائے ،انہوں نے کہا کہ ایم ایس شہباز شریف کے دست راست کا فرنٹ مین ہے اس لئے شہباز شریف نے مجھ پر دہشتگردی کا مقدمہ بنوا دیا ہے،اگر یہ مقدمہ ایک ہفتے میں واپس نہ لیا گیا تو مظفر گڑھ سے بلوچستان اور پنجاب کے درمیان ٹرکوں کی سپلائی لائن بند کردیں گے ،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بیوروکریسی کو کس طرح بلیک میل کرتے ہیں طارق قریشی اور شاہد رفیع ریکارڈ پر موجود مثالیں ہیں بہت سی مثالیں ایسی ہیں جن کا کسی کو علم ہی نہیں ،انہوں نے کہا کہ لغاری ،کھوسے،کھر،نواب تو شہباز شریف کے تلوے چاٹ سکتے ہیں مگر جمشید دستی نے نہ ایسا کیا ہے نہ کرے گا،پہلے بھی شہباز شریف نے ان پر مقدمہ درج کرایا وہ جیل گئے اور عدالت سے انصاف لے کر آئے ان کی منت نہیں کی ،اب بھی نہیں کروں گا۔