ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،احسن اقبال،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا، آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا،وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بن کر ابھرے گا،پاک چین اقتصادی راہداری پورے خطے کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی، کراچی میں امن کی فضائیں چل پڑیں،بلوچستان میں قومی پرچم اور ترانہ پڑھا جارہا ہے ، یہ سب حکومت کی کامیابیاں ہیں ، امن کے قیام میں سکیورٹی فورسز اور عوام کے تعاون بھی ناقابل فراموش ہے ،وفاقی وزیر کا خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور سیمینار سے خطاب

جمعرات 7 جنوری 2016 09:14

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ منفی سوچ رکھنے والے عناصر پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ بدھ کو پشاور میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہوچکا ہے اب اسے آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر جو منفی سوچ رکھتے ہیں وہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال کر اسے ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتے ہیں جسے ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے اور نہ ہی وہ کبھی پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرسکتے ہیں منفی سوچ کے حامل عناصر امریکہ کو بھی پسماندہ ریاست کہہ سکتے ہیں ان کے کہنے سے امریکہ پسماندہ نہیں ہوجائے گا اس طرح پاکستان منفی عناصر کے کہنے سے پسماندہ نہیں ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ترقی یافتہ ملک مسائل سے جڑا نہیں ہوسکتا ہر ملک میں کچھ نہ کچھ مسائل ہوتے ہیں اور یہ مسائل ترقی کے سفر کا حصہ ہوتے ہیں جو ساتھ ساتھ حل ہوتے رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کافی مسائل حل ہوچکے ہیں اور باقی ماندہ اہم مسائل جن میں بجلی بحران اور دہشتگردی سرفہرست ہے وہ بھی جلد حل ہوں گے وہ دن دور نہیں جب پاکستان جنوبی ایشیاء کا ٹائیگر بن کر ابھرے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری صرف پاکستان کے لئے نہیں بلکہ پورے خطے کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی اس سے پاکستان کے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی فائدہ حاصل ہوگا یہ منصوبے دنیا کے لئے ایک پل کا کردار ادا کرینگے ہمیں اقتصادی راہداری منصوبے کو بردباری اور تحمل سے کامیاب کرنا ہوگا کیونکہ سازگار ماحول ہوگا تو سرمایہ کاری پاکستان آئے گی انہوں نے کہا کہ 35 ارب ڈالر انرجی کے منصوبوں سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے یہ انرجی منصوبے پرائیویٹ شعبہ لگائے گا اور جو بھی بجلی منصوبے ملک میں کہیں بھی لگیں گے ان سے بجلی قومی گرڈ میں ہی آئے گی انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اور کچھ عناصر اس روٹ کیخلاف ہیں اس روٹ کی تکمیل کے دوران اب تک 13فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اس روٹ کو مکمل کیاجائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ پی ایچ ڈی اور ائر ایجوکیشن کے منصوبے شروع کررہا ہے اور پاک امریکہ نالج پارک قائم کرنے کا کام بھی ہورہا ہے دنیا نے امریکہ سے آج تک اسلحہ اور گولہ بارود خریدا اور کسی نے اس سے تعلیمی فائدہ حاصل کیا گیا مگر پاکستان یہ فائدہ حاصل کررہا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی بدامنی کا شکار تھا یہاں آج کافی حد تک امن قائم ہوچکا ہے بلوچستان میں قومی پرچم نہیں لہرایا جاتا تھا آج وہاں قومی پرچم اور ترانہ پڑھا جارہا ہے یہ سب حکومت کی کامیابیاں ہیں اور امن کے قیام میں سکیورٹی فورسز اور عوام کے تعاون بھی ناقابل فراموش ہے