پٹھان کوٹ ائیر بیس حملہ، چھ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا، سکیورٹی کی ناکامی نہیں ،بھارتی وزیر دفاع ، دو حملہ آوروں کی لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں، تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا، امید ہے سرچ آپریشن آج مکمل ہو جائے گا ،صحافیو ں سے بات چیت

بدھ 6 جنوری 2016 09:38

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6جنوری۔2016ء)بھارتی وزیرِ دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ میں ائیر بیس پر حملہ کرنے والے چھ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔منگل کو پٹھان کوٹ ایئر بیس کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کو سکیورٹی کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ منوہر پاریکر کا کہنا تھا کہ چھ میں سے دو حملہ آوروں کی لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں اور تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کی ہلاکت کے بعد بھی وسیع رقبے پر قائم اس اڈے کی تلاشی کا عمل جاری ہے اور امید ہے کہ سرچ آپریشن بدھ کو مکمل ہو جائے گا۔بھارتی حکام کے مطابق انتہائی سکیورٹی والے فصیل بند وسیع ایئر بیس میں کومبنگ آپریشن یعنی شدت پسندوں کی صفائی کا کام بڑے محتاط انداز میں کیا گیا تاکہ مزید ہلاکتوں سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس آپریشن میں بھاری فوجی گاڑیاں، حملہ آور ہیلی کاپٹرز اور تربیت یافتہ فوجیوں کا استعمال بھی کیا گیا۔

پٹھان کوٹ پر یہ حملہ ہفتہ کی صبح ہوا تھا ۔بھارتی وزیرِ دفاع نے پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ انھوں نے کچھ کمزوریاں تو دیکھی ہیں لیکن وہ نہیں سمجھتے کہ یہ سکیورٹی کی ناکامی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کے قبضے سے 40 سے 50 کلوگرام اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ملا ہے۔منوہر پاریکر نے بتایا کہ نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی کو اس واقعے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور اس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور ’تحقیقات کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔‘