کیوی پلیئر میکولم زخمی ، سری لنکا کیخلاف سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ،پاکستان کیخلاف سیریز میں دستیاب ہونگے ، مک کولم، پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ سے قبل کسی میچ کے لیے زیرغور نہیں ، کوچ کیوی ٹیم ،نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 25 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا

منگل 5 جنوری 2016 09:07

ماوٴنٹ ماوٴنگینی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5جنوری۔2016ء) کیوی پلیئر مک کولم زخمی ہونے کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے تاہم پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں وہ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔مک کولم سری لنکا کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ تیسرے اور بارش سے متاثرہ چوتھے میچ میں بھی ٹیم میں شامل نہیں تھے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ مک کولم، پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ سے قبل کسی میچ کے لیے زیرغور نہیں ہوں گے جبکہ اس سے قبل انھوں نے کہا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بقیہ مقابلوں کے لیے مک کولم کی ٹیم میں شمولیت کے امکانات ہیں۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 25 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

مائیک ہیسن نے کہا کہ "مک کولم مکمل طورپر صحت یاب نہیں ہیں اور وہ ہماری توقعات کے مطابق وقت پر فٹ نہیں ہوسکے اس لیے ان کا مزید جائزہ لیا جائے گا"۔مک کولم پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے بعد وہ کرکٹ سے ریٹائر ہوں گے۔

وہ مارچ میں ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کریں گے۔کیوی ٹیم کے کپتان مک کولم کے علاوہ فاسٹ باوٴلر ٹیم ساوٴتھی بھی سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے وہ سیریز کے چوتھے میچ میں زخمی ہوگئے تھے۔نیوزی لینڈ کو سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :