اقتصادی راہداری منصوبہ کو کالا باغ ڈیم نہیں بنا رہے، وعدے کے مطا بق مغربی روٹ کی تعمیر چاہتے ہیں،پرویز خٹک، وفاق فیڈریشن کو کمزور کر رہا ہے تحریک انصاف پورے ملک کی جماعت ہے، پنجاب سندھ اور بلوچستان کی ترقی پر خوش ہیں لیکن خیبر پختونخوا کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے مشترقی روٹ کا افتتاح اور کام شروع ہوگیا ہے، صوبے میں تمام سیاسی جماعتیں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر متفق ہیں اگر وفاقی حکومت کے پی کے کا جائز مطالبہ نہیں مانتی ہے تو پھرصوبے کی تمام سیاسی جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس میں متفقہ لائحہ عمل اختیار کرے گی، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 5 جنوری 2016 09:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ کو کالا باغ ڈیم نہیں بنا رہے ہیں بلکہ وعدے کے مطا بق مغربی روٹ کی تعمیر چاہتے ہیں وفاق فیڈریشن کو کمزور کر رہا ہے تحریک انصاف پورے ملک کی جماعت ہے پنجاب سندھ اور بلوچستان کی ترقی پر خوش ہیں لیکن خیبر پختونخوا کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے مشترقی روٹ کا افتتاح اور کام شروع ہوگیا ہے اب پانی سر سے گزر گیا ہے وہ وقت گزر گیا ہے اب راہداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ہے صوبے میں تمام سیاسی جماعتیں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر متفق ہیں اگر وفاقی حکومت کے پی کے کا جائز مطالبہ نہیں مانتی ہے تو پھرصوبے کی تمام سیاسی جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس میں متفقہ لائحہ عمل اختیار کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی ،صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ اقتصادی راہداری کا سب سے پہلے مغربی روٹ تعمیر کیا جائے گا جس میں سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ توانائی ،ریلوے لائن ،گیس اور دیگر منصوبے بھی شامل ہونگے مگر وزیر اعظم نے اپنے وعدے کے برعکس مشرقی روٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کام کا آغاز بھی کر دیا جو کہ گوادر سے راولپنڈی تک تعمیر کیا جارہا ہے جس میں ریلوے ٹریک گیس پائپ لائن ،ایل این جی اور توانائی کے منصوبے شامل ہیں جبکہ دوسری جانب سے اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ میں صرف سڑک کی تعمیر شامل کرکے اسے اقتصادی راہداری کا نام دیا جا رہا ہے جوکہ اصل میں صرف سڑک کا منصوبہ ہے انہوں نے کہاکہ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال آج کے پی کے آرہے ہیں جوکہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے صوبائی قیادت کو اعتماد میں لیں گے لیکن اب پانی سر سے گزر چکا ہے مذید کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اقتصادی راہداری بنے لیکن کسی صوبے کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے اقتصادی راہداری کے لئے پارلیمنٹ ایک مستند ادارہ ہے وفاقی حکومت اس پر بات کیوں نہیں کرتی ہے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا اتفاق ہوا ہے کہ پارلیمنٹ میں ایمنسٹی سکیم کو مسترد کریں جبکہ خطے میں سعودی عرب اور ایران کا تنازعہ آرہا ہے اس پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز ایوان کو اعتماد میں لیں اور اقتصادی راہداری کے حوالے سے تمام صوبوں کے خدشات کو دور کیا جائے ۔