وفاق اور پنجاب میں ”شریف حکومت“نے خواتین کے حقوق کے ساتھ” دھاندلی“ کی،تحر یک انصاف کا حقائق نامہ جاری،پنجاب میں عزت کے نام پر 320سے زائد خواتین قتل، 1ہزار سے زائد کے ساتھ زیادتی، سالانہ50سے زائد خواتین نے معاشی حالات پر خود کشی کی،چوہدری محمدسرور

اتوار 3 جنوری 2016 09:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جنوری۔2016ء) پاکستان میں ہر روز6 خواتین کو اغوا،4خواتین کے ساتھ ریپ ،3خواتین خودکشی پر مجبور ہو جاتی ہیں، جبکہ 6خواتین کو قتل جاتا ہے۔ جبکہ16لاکھ لڑ کیوں کی کم عمر ی میں ہی شادیاں ہو ئیں۔ایک سال کے دوران مختلف وجوہات کی بنیادپر76خواتین کو زندہ جلا کر ہلاک کر نے کے واقعات سامنے آئے ہیں جبکہ90خواتین پر تیزب پھنکنے کے واقعات ہوئے ہیں یہ اعداد و شمار تحر یک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمدسرور نے خواتین پر مظالم اور حکومتی ناکامیوں پر جاری ”حقائق نامہ میں پیش کئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی طرف سے جاری حقائق نامہ کے مطابق پنجاب بھر میں ایک سال کے دوران خواتین پر تشدد کے7600سے زائد واقعات ہو ئے ہیں۔ پنجاب میں عزت کے نام پر 320سے زائد خواتین قتل ہوئی ہیں ‘پنجاب میں 2015میں خواتین کو اغوا کرنے کے1ہزار سے زائد اور زیادتی کے 150سے زائد واقعات ہوئے ۔

(جاری ہے)

خواتین انصاف نہ ملنے کی وجہ سے خودکشیاں کر نے پر مجبور ہیں ۔صوبائی دارالحکوت لاہور جیسے شہر میں معصوم بچیوں کے ساتھ پاکستان کے کسی بھی شہر سے زیادہ واقعات سامنے آئے ہیں ۔

تحر یک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمدسرور کی جانب سے ہفتے کے جاری حقائق نامہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت خواتین کو انکے حقوق دلانے میں مکمل ناکام رہی ہے اور لاہور جیسے شہر میں اجتماعی زیادتی کے واقعات معمول بن چکے ہیں خواتین کی فلاح کیلئے کام کر نیوالی ایک تنظیم شرکت گاہ کے مطابق پاکستان میں 50فیصد خواتین کی شادی 19سال کی عمر تک ہو چکی ہوتی ہے‘13فیصد لڑکیوں کی شادی 15سال کی عمر تک ہو گئی ہوتی ہے‘9 فیصد لڑکیاں 15سے 19سال کی عمر میں ماں بن چکی ہوتی ہیں‘پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب بھر میں عزت کے نام پر قتل کے سب سے زیادہ 340کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

چوہدری محمدسرور نے مزیدکہا کہ پنجاب میں خواتین پر گھر یلوتشدد کے3500سے زائد واقعات ہوئے ہیں جن میں 50فیصد بھی ملزمان گر فتار ہوئے اور نہ ہی انکو پو لیس عدالتوں کے ذریعے سزادلوانے میں کا میاب ہوئی ہے اور2015کے دوران ملک میں خواتین کے قتل کے800سے زائد واقعات میڈیا رپورٹس کے ذریعے سامنے آئے ہیں حکمرانوں کی خواتین کے حقوق کے تحفظ میں ناکامی کی وجہ سے خواتین پر تشدد اور دیگر مظالم کے حوالے سے پاکستان کا شمار دنیا کے4بدترین ممالک میں ہو تا ہے ۔

حقائق نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بے روزگاری کی وجہ سے بھی سالانہ50سے زائد خواتین خود کشی کر کے زندگی کا خاتمہ کر لیتی ہے اور پنجاب حکومت خواتین کے مطابق اپنے قوانین پر عمل در آمد میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اسی وجہ سے پاکستان میں خواتین کے ساتھ تشدد اورزیادتی کے سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں ہو رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :