چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر پانچ سال کے طویل انتظار کے بعد دونوں فارمیٹ میں شامل، ٹی 20 کی قیادت شاہد خان آفریدی، ون ڈے کی اظہر علی کرینگے ، عامر ٹیم میں شمولیت ویزے سے مشروط ، چھٹیاں ختم ہونے کے بعد ویزے کا پرسیس شروع کیا جائیگا ،فاسٹ باؤلر عمر گل کی بھی ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد عرفان کو ٹی 20 سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا، یاسر شاہ کی جگہ ظفر گوہر شامل ،انگلینڈ کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے رفعت اللہ مہمند، افتخار احمد اور عمران خان جونیئر کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ٹی 20 اور ون ڈے کی ٹیم بہترین ہے لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ مقابلے پر بھی ایک اچھی ٹیم ہے،پی سی بی نے محمد عامر کو کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا، شمولیت ویزے کیساتھ مشروط ہے، محمد عرفان مکمل طور پر فٹ ہیں تاہم ٹی 20 ٹیم کمبی نیشن کے باعث انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا،عمر گل فٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا سیزن کھیلیں گے اس لئے انہیں صرف ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ،ان کی کارکردگی دیکھنا چاہتے ہیں ، اس کے بعد دیگر فارمیٹس میں بھی شامل کرنے پر غور کیا جائے گا، چیف سلیکٹر ہارون الرشید

ہفتہ 2 جنوری 2016 09:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2016ء)قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 16 رکنی ٹی 20 سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے قومی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے اور کیمپ میں شامل کچھ کھلاڑیوں کو محنت کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ٹیم کی قیادت شاہد خان آفریدی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، افتخار احمد، شاہد آفریدی، عماد وسیم، انور علی، عامر یامین، سرفراز احمد، وہاب ریاض، عمر گل، محمد رضوا ن ، سعد نسیم اور محمد عامر شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے کہا کہ پی سی بی نے محمد عامر کو کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا ہے تاہم ان کی شمولیت ویزے کیساتھ مشروط ہے اور نئے سال کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد ان کے ویزے کا پراسیس شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر کے مطابق ون ڈے سکواڈ میں احمد شہزاد، اظہر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، اسد شفیق، بابر اعظم، صہیب مقصود، ظفر گوہر، عماد وسیم، انور علی، سرفراز احمد، وہاب ریاض، راحت علی، محمد عرفان، محمد رضوان اور محمد عامر کو شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے رفعت اللہ مہمند، افتخار احمد اور عمران خان جونیئر کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ فاسٹ باؤلر عمر گل کی بھی ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد عرفان کو ٹی 20 سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے تاہم ون ڈے سکواڈ میں انہیں شامل کیا گیا ہے۔ہارون الرشید نے کہا کہ محمد عرفان مکمل طور پر فٹ ہیں تاہم ٹی 20 ٹیم کمبی نیشن کے باعث انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 اور ون ڈے کی ٹیم بہترین ہے لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ مقابلے پر بھی ایک اچھی ٹیم ہے ، موجودہ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سلیکٹ کی گئی ہے۔ عمر گل سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ فٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا سیزن کھیلیں گے اس لئے انہیں صرف ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ ہم ان کی کارکردگی دیکھنا چاہتے ہیں اور اگر انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو اس کے بعد دیگر فارمیٹس میں بھی شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔

ظفر گوہر کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوال کے جواب میں ہارون الرشید نے کہا کہ پاکستان کے پاس ابھی ایسا کوئی باؤلر نہیں جو یاسر شاہ جیسا پرفارم کر سکے تاہم ٹیم میں لیگ سپنر شامل کرنا چاہتے تھے اسی لئے ظفر گوہر کو موقع دیا گیا ہے۔