آرمی چیف نے 9دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ،دہشت گردوں پر فوجی عدالتوں ..
تازہ ترین : 1

آرمی چیف نے 9دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ،دہشت گردوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے،جنکا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔آئی ایس پی آر، دہشت گرد وں نے 4 دسمبر 2009 کو پریڈ لین کی مسجد میں گھس کر میجرجنرل عمر بلال سمیت37 اور 8 دسمبر 2009 کو ملتان میں آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرکے 10 افراد کو شہید کردیا تھا

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2016ء)سپہ سالار پاک افواج جنرل راحیل شریف نے نئے سال کے آغا ز پر 9دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ،ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد پریڈ لائن مسجد ،انٹرسروسز انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز پرحملوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

دہشت گردآئی ایس آئی ہیڈکوارٹرملتان پر حملوں میں ملوث تھے،وہ سیکورٹی اہلکاروں سمیت لاہورمیں شہریوں کے اغواء اورقتل میں بھی ملوث تھے۔دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کامیڈیا انچارج محمدغوری بھی شامل ہے جو پریڈ لین مسجد راولپنڈی پرحملے میں ملوث تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سزاپانیوالوں میں کالعدم حرکت الجہاداسلامی کااہم رکن عبدالقیوم بھی شامل ہیں۔

عبدالقیوم آئی ایس آئی ہیڈکوار ٹر ملتان پر حملے میں ملوث تھا۔سزاپانے والوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کا محمد عمران،القاعدہ کا اہم رکن احسان محبوب،کالعدم سپاہ صحابہ کے عبدالرؤف گجر،محمدہاشم،سلمان،شفقت،ملک لیاقت،محمد فرحان شامل ہیں۔یاد رہے کہ سزائے موت پانے والے دہشت گرد وں نے 4 دسمبر 2009 کو نمازجمعہ کے دوران پریڈ لین کی مسجد میں گھس کر 37 افراد کو شہید کر دیا تھا۔

شہید ہونیوالوں میں میجر جنرل عمر بلال بھی شامل تھے اس کے علاوہ ان ہی دہشت گردوں نے 8 دسمبر 2009 کو ملتان میں آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا تھا جس میں 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے جبکہ یہ ہی دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔ادھر ملکی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ دہشت گردوں کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں اور نئے سال میں دہشت گردوں کو کیفردار تک پہنچانے کے لئے اسی عزم کے ساتھ جاری رہے گا جس طرح 2015ء میں آپریشن اور کارروائیاں کی گئی اور دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا ۔

وقت اشاعت : 02/01/2016 - 09:50:38

اپنی رائے کا اظہار کریں