نیب بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، قمر زمان چوہدری ، 2015ء میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے آگاہی اور تدارک کی مہم بھرپور انداز میں چلائی گئی، آگاہی اور تدارک کی مہم 2016ء میں بھی جاری رہے گی،چیئرمین نیب

ہفتہ 2 جنوری 2016 09:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2016ء) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، 2015ء میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے آگاہی اور تدارک کی مہم ”بدعنوانی سے انکار “ملک بھر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے بھرپور انداز میں چلائی گئی تاکہ عوام کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہی فراہم کی جائے،ٓگاہی اور تدارک کی مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ مہم ”بدعنوانی سے انکار “ 2016ء میں بھی جاری رہے گی ۔

قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں 2015ء میں بدعنوانی سے متعلق آگاہی اور تدارک مہم میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کی ہدایت پر انسداد بدعنوانی کی آگاہی اور تدارکی مہم شروع کی گئی جس کے ذریعے لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے” بدعنوانی سے انکار“ کا پیغام دیا گیا۔

(جاری ہے)

نیب کی انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی اور تدارک مہم کو ا ملک بھر میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں موثر طور پر اجاگر کیا گیا۔ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کیساتھ مل کر کام کر رہا ہے ۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایت پر ملک بھر میں اس مہم کے تحت بدعنوانی سے انکار کا پیغام پھیلا یا گیا ،لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر نیب کا پیغام بدعنوانی سے انکار درج ہے ۔

نیب نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر ایوان صدر میں سیمینار منعقد کیا جس میں صدر پاکستان ممنون حسین نے شرکت کی۔ نیب نے ایوان صدر میں واک کا اہتمام بھی کیا جس میں صدر پاکستان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔نیب نے یو این او ڈی سی سے ملکر میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں سیمینار منعقد کیا اور صدر پاکستان نے اس سیمینار کی صدارت کی، نیب اور پلڈاٹ نے سرینا ہوٹل اسلام آباد اور واپڈا کے تعاون سے واپڈا ہاؤس لاہور میں سیمینار منعقد کیا جس میں نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔

نیب اور ہائرایجوکیشن کمیشن نے مختلف یونیورسٹیوں کے طالبعلموں میں بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت مختلف سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی 10ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔ نیب اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل انسداد بدعنوانی مہم میں حصہ لیکر نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام پھیلایا ۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے پاکستان ہاکی ٹیم نے بدعنوانی سے انکار کا پیغام اجاگر کیا ۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے تعاون سے بدعنوانی سے انکار کا نغمہ نشر کیا گیا۔ ایس این جی پی ایل ، آئیسکو ، لیسکو ، گیپکو اور پیسکو نے بجلی کے بلوں پر نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام شائع کیا ۔ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان پوسٹ نے خصوصی ٹکٹ جاری کیا جس پر بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج تھا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے تمام ڈرائیونگ لائسنسوں پر نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج کیا گیا ہے ۔پی ٹی اے کے تعاون سے تمام کروڑوں موبائل صارفین تک بدعنوانی سے انکار کا پیغام پہنچایا گیا ہے ۔ پی آئی اے کے تعاون سے پی آئی اے کی پروازوں میں بدعنوانی سے انکار کے پیغام کا اجاگر کیا گیا ہے ۔پاکستان کے تمام سینما گھروں میں پاکستان فلم سینسر بورڈ کے تعاون سے نیب کا بدعنوانی سے انکار پیغام پیش کیا جا رہا ہے ۔

اسی طرح وزارت قومی ہیلتھ سروسز ریگولیشن اور کوآرڈینیشن نے سیگریٹ کے پیکٹوں پر بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ موٹر وے پولیس بھی نیب کے انسداد بدعنوانی مہم میں بھرپور طور پر شریک ہے اور موٹر وے پر سفر کرنے والے مسافروں میں پمفلٹ بانٹ کر انہیں بدعنوانی سے انکار کا پیغام پہنچا رہی ہے ۔ سی ڈی اے دامن کوہ ، شکر پڑیاں اور دیگر سیاحتی مقامات پر بل بورڈ پر بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج کر کے اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہا ہے ۔

بلوچستان اور گلگت بلتستان کے اخبارات میں شائع ہونے والے ٹینڈر نوٹس پر بھی یہ پیغام درج کیا جا رہا ہے ۔ اسلام آباد میں تمام بڑے ہوٹلوں ، عوامی مقامات اور شاپنگ پلازوں میں داخلی اور خارجی مقامات پر نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2015ء میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ آگاہی اور تدارک کی مہم بھرپور انداز میں چلائے گئی اور 2016ء میں بھی یہ مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نیب سول سوسائٹی ، میڈیا اور عوام سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی شمولیت سے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :