اقتصادی راہداری مغربی روٹ میں تبدیلی پر مشترکہ احتجاج کی دھمکی کے بعد مرکزی حکومت نے رابطہ کرلیاہے،پرویز خٹک، وفاقی وزیر احسن اقبال پشاور آ رہے ہیں،مرکز نے خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات دورکرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے،پنجاب کی ترقی کے خلاف نہیں مگر خیبرپختونخوا کو وفاق کی بنائی ہوئی سٹرک نہیں مکمل کوریڈورچاہئے،تحفظات دورکریں تو کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہوگا،دھشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے سانحہ نادرہ افس مردان بزدلانہ کاروائی تھی،افغانستان میں امن کے قیام تک پاکستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا،امن کے قیام کے لیے پاک فوج کے ساتھ اقدامات کررہے ہیں،پن بجلی کے منافع پر خیبرپختونخوا کاحق نہیں مل رہا،وفاق ہمارے خالص منافع کی مد میں مجرمانہ غفلت اور سست روی کا مظاہرہ کررہا ہے، شمولیتی جلسوں سے خطاب میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 2 جنوری 2016 09:47

نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2016ء )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ میں تبدیلی پر مشترکہ احتجاج کی دھمکی کے بعد مرکزی حکومت نے صوبائی حکومت سے رابطہ کرلیاہے۔چھ جنوری کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پشاور آر رہے ہیں ۔مرکزی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات دورکرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔

پنجاب کی ترقی کے خلاف نہیں مگر خیبرپختونخوا کو وفاق کی بنائی ہوئی سٹرک نہیں مکمل کوریڈورچاہئیے۔تحفظات دورکریں تو کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہوگا۔دھشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے سانحہ نادرہ افس مردان بزدلانہ کاروائی تھی۔

(جاری ہے)

افغانستان میں امن کے قیام تک پاکستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔امن کے قیام کے لیے پاک فوج کے ساتھ اقدامات کررہے ہیں۔

پن بجلی کے منافع پر خیبرپختونخوا کاحق نہیں مل رہا۔وفاق ہمارے خالص منافع کی مد میں مجرمانہ غفلت اور سست روی کا مظاہرہ کررہا ہے۔بلدیاتی اداروں کو مالی خودمختاری دیدی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے پاس سرکاری محکموں اور خدمات کا نظام ٹھیک کرنے کے سوا کوئی راستہ موجود نہیں اس لئے ہم ایسا نظام لانے کیلئے کوشاں ہیں جس سے رشوت، کرپشن، کام چوری اور سرکاری عہدوں پر بیٹھ کر ذاتی مفادات حاصل کرنے کے تمام راستے بند ہو جائیں اور صوبے کے عوام خصوصاًکمزور اور غریب طبقوں کو حق و انصاف اور بیروزگاری،تعلیم، صحت سمیت اُن کے مسائل کے حل کے تمام راستے کھل جائیں اور ان مسائل کے حل کیلئے وہ ارباب اختیار کے محتاج نہ ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ المبارک کے روز نوشہرہ کلاں نوائے کلے اور خویشگی پایان میں شمولیتی جلسوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ میں تبدیلی پرہمارے اعتراضات کسی نے بھی نہیں سنے۔اقتصادی راہداری پر وقاقی حکومت کے وزیر احسن اقبال نے ہم سے رابطہ کیاہے اور یقین دلایا ہے کہ ان کے اور خیبرپختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات وفاق مکمل دورکرئے گا اور چھ جنوری کو احسن اقبال پشاور تشریف لارہے ہیں جس میں وہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے ملے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو وفاق کی بنائی ہوئی سٹرک نہیں مکمل کوریڈورچاہئے جس میں فائبرآپٹک،گیس،ایل این جی،بجلی کی لائنیں،سٹرکیں اور ریلوئے لائن ہو اس مکمل کوریڈورکے بغیر خیبرپختونخوا میں صنعتیں نہیں لگ سکتی اور جب تک سینٹرل روٹ کی تمام چیزیں ملنا خیبرپختونخوا کا حق ہے۔اُنہوں نے کہاکہ صوبے سے بیروزگاری ختم کرنے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے ایسی صنعتی پالیسی تشکیل دی ہے جس سے خصوصی مراعات کے تحت صوبے میں قائم ہونے والے کارخانے بند نہیں ہوں گے اور ان کارخانوں کی پائیداری اور استحکام یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت دیگر مراعات کے علاوہ ہر سال تقریباً پانچ ارب روپے کا مارک اپ صنعتکاروں کی جانب سے صوبائی حکومت بینکوں کو ادا کرے گی ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کو سمجھنے کی کوشش کرے کیونکہ پی ٹی آئی کا تبدیلی کا فلسفہ محض سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر ہی نہیں ہے بلکہ ان عمارتوں میں فراہم کی جانے والی خدمات کی ابتر صورتحال کودرست کرنا ہے اور ایسانظام رائج کرنا ہے جس سے عام آدمی اور غریبوں کو اُن کے حقوق کسی سفارش اور رشوت کے بغیر مل سکیں اُنہوں نے کہاکہ ہمارے نزدیک سب سے بڑا میگا پراجیکٹ یہ ہے کہ بچوں کو تعلیم دینے والا استاد سکولوں میں موجود ہو اور مریضوں کا علاج کرنے والا ڈاکٹر ، ادویات و دیگر سہولیات ہسپتالوں میں موجود ہوں پولیس کسی سے ظلم زیادتی نہ کرے ، کوئی رشوت اورکمیشن طلب نہ کرے انہوں نے کہا کہ نظام ٹھیک کرکے اس کی نگرانی کرنا اصل تبدیلی ہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ ادوار میں " ایزی لوڈ" کلچر نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار کا بیڑہ غرق کیا تاہم انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبے پائیداری میں اپنی مثال آپ ہوں گے کیونکہ ہماری حکومت میں تعمیراتی ٹھیکوں میں کمیشن کا کوئی تصور نہیں اور اس لعنت کے خاتمے کیلئے نظام کو بھی بدل دیا گیا ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی نئی صنعتی پالیسی کو اس قدر پذیرائی ملی ہے کہ حطار میں 600 ایکڑ کیلئے نئے اکنامک زون کے اعلان کے ساتھ ہی کارخانہ لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کی لائن لگ گئی ہے اُنہوں نے کہاکہ اس پالیسی کے نتیجے میں صوبے میں پائیدار صنعتکاری یقینی ہوجائے گی کیونکہ صوبے میں قدرتی خام مال کے بے شمار ذخائر اور ہمسایہ ملک افغانستان کی وسیع تجارتی منڈی کے باعث بھی صوبے میں صنعتکاری کے لئے اس وقت انتہائی سازگار ماحول موجود ہے اور صنعتکاری سے بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا وزیراعلیٰ نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھی نظام ٹھیک کرنے میں موجود ہ حکومت سے تعاون کریں اور سرکاری دفاتر میں کسی بھی کام کیلئے رشوت ہر گز نہ دیں اُنہوں نے کہاکہ ہمیں خود کو ٹھیک کرنے کی بھی ضرورت ہے ہر آدمی دوسرے پر انگلی اُٹھاتا ہے جو بہت بڑی زیادتی ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ نوشہرہ میڈیا کالونی کے ترقیاتی کام دو ماہ کے اندر مکمل کئے جائیں گے جبکہ 50 لاکھ روپے سے انڈومنٹ فنڈ کا قیام اور پریس کلب کیلئے اراضی کی فراہمی بھی جلد ممکن بنائی جائے گی جبکہ پریس کلب کے ترقیاتی اور امدادی اُمور سے متعلق متعلقہ محکموں کا ایک اجلاس بھی جلد طلب کیا جائے گا۔