داعش نے پاکستان، افغانستان میں امیر مقررکر دیئے،بھرتیاں شروع،کمانڈرسعید پاکستان،عامرمنصور اسلام آباد کے امیرمقرر،نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے افغانستان بھیجاجارہاہے،رپورٹ، لاہور میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خواتین ونگ کی موجودگی کا انکشاف،ایف بی آر کے سپریٹنڈنٹ مہر جاوید کی اپنی بیوی کے بارے احساس اداروں کو اطلاع ، حساس اداروں نے چھاپہ مارا تو فرحانہ 10 افراد کے ہمراہ شام جا چکی

جمعہ 1 جنوری 2016 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم جنوری ۔2016ء)عالمی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ داعش نے پاکستان اور افغانستان میں امیر مقررکر دیئے ہیں۔کمانڈرسعید کو پاکستان اور عامرمنصور کو اسلام آباد کا امیرمقرر کیاگیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ سے ملنے والے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اورافغانستان میں د اعش کیلئے بھرتیاں شروع ہو گئی ہیں ،دونوں ممالک میں 30سے50ہزارروپے کے عوض نوجوانوں کو بھرتی کئے جا رہے ہیں،دستاویزات میں یہ بھی کہاگیاہے کہ افغانستان جانے والوں کی تعداد40سے50تک ہے ،نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے افغانستان بھیجاجارہاہے ،داعش نے پاکستان سے بھرتی کیلئے سی ڈیز او رتحریری موادبھیجے ہیں ،یہ بھی کہاگیاہے کہ کالعدم تنظیمیں داعش سے الحاق کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی کہاگیاہے کہ لاہورکی بشریٰ نامی خاتون چاربچوں سمیت داعش میں شمولیت کے بعدگھرسے اچانک غائب ہوکرایران کے راستے شام روانہ ہوگئی ہے بشریٰ خاتون کی داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی سے بھی ملاقات ہوئی تھی ،پاکستان میں داعش کامسئلہ سنگین ہوتاجارہاہے تاہم بعض حکومتی ادارے داعش کی موجودگی سے انکارکررہے ہیں ۔ادھر پنجاب کے دارالحکومت میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خواتین ونگ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر کے سپریٹنڈنٹ مہر جاوید نے حساس اداروں کو لاہور سے لوگوں کو داعش میں شمولیت سے متعلق بتایا ہے کہ ان کی بیوی فرحانہ لوگوں کو داعش میں شمولیت کی ترغیت دیتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے لاہور کی وحدت کالونی میں چھاپہ مارا تو مہر جاوید کی ابلیہ فرحانہ شام کے لئے روانہ ہوچکی تھیں، فرحانہ اپنے ہمراہ 10 افراد کو لے کر شام گئی ہیں،واضح رہے کہ 3 روز قبل سیالکوٹ سے داعش سے تعلق کے شبے میں 9 افراد گرفتار ہوئے تھے جن کی صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے سرکاری طور پر تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان ملزمان نے باقاعدہ اپنا ایک سیل قائم کر رکھا تھا۔

اس سے چند روز قبل کاوٴنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کراچی کے سربراہ راجہ عمر خطاب نے بھی شہر میں داعش کے فعال خواتین ونگ کا انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ چند پڑھے لکھے اور خوشحال گھرانوں کی خواتین داعش کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔