لاہور،سعودی عرب نے 107غیر قانونی پاکستانیوں کو پاکستان بھجوادیا

بدھ 30 دسمبر 2015 09:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء) حکومت سعودی عرب نے 107غیر قانونی پاکستانیوں کو اپنے ملک سے نکال کر عریبیہ ائیرلائن کے ذریعے گذشتہ روز پاکستان بھجوادیا ۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امیگریشن کے عملے نے ڈی پورٹ ہونے والے 107پاکستانیوں کے پاسپورٹس سمیت دیگرسفر ی دستاویزات کی پڑتال کرنے کے بعدانہیں اپنے گھروں کو جانے کی جازات دے دی ۔

ائیرپورٹ پر تعینات امیگریشن کے آفیسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان سے عموماً لوگ حج وعمرہ کی غرض سے سعودی عرب جانے کے بعد اکثرتاخیر کردیتے ہیں اور ان کے ویزے کی مدت ختم ہوجاتی ہے ۔ جبکہ بہت سے لوگ عمرہ کے ویزے پر سعودیہ جاکر نوکریاں کرنے لگتے ہیں چونکہ ان کے پاس قانونی طور پر کام کاج کرنے کااجازت نامہ نہیں ہوتا اس لئے وہ لوگ چوری چھپے مزدوری کرتے ہیں بعض اوقات ان کے ساتھ دھوکہ بھی ہوجاتا ہے اس لئے کہ جس کے پاس وہ غیر قانونی طور پرکام کرتے ہیں وہ انہیں پیسے دینے کی بجائے پولیس کو شکایت کرکے پکڑوا دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

اور بعض اوقات لوگ جنرل چیکنگ کے دوران پکڑے جاتے ہیں اور ڈی پور ٹ کردیئے جاتے ہیں ایسے لوگ جن کے ویزے اور سفری دستاویزات درست ہو انہیں چھوڑدیا جاتا ہے ۔ غیر قانونی طریقہ کار اورجعلی ویزوں پر جانے والوں کے خلاف ایف آئی اے سخت کارروائی کرتی ہے۔