پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات آئندہ ماہ کے وسط میں ہونگے،دوطرفہ مذاکرات کا طریقہ کار اور جگہ کا تعین کیا جائے گا،سرتاج عزیز ، پاک بھارت وزرا ء ا عظم کی رواں سال پانچ ملاقاتیں ہوچکی ہیں عالمی میڈیا نے لاہور میں ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے،ملاقات سے کچھ چیزوں میں پیش رفت ہوگی جس میں کچھ وقت لگے ،مودی کے دورہ کے دوران ویزا اخراجات کو پورا نہ کرنے بارے قیاس آرائیاں غلط ہیں، مودی اور 11 لوگوں کو 72 گھنٹے کے ویزے جاری کئے گئے ، دیگر 100 لوگ ائیرپورٹ کے اندر ہی رہے تھے،مشیر خارجہ کا بھارتی وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے حوالے سے ایوان بالا میں بیان ، آرمی چیف کے دورہ کابل بارے ڈی جی آئی ایس پی ار نے تفصیلی بیان جاری کردیا ہے اس حوالے سے مزید تفصیلات وزیر دفاع ہی بتاسکیں گے،سرتاج عزیز، دورہ وزارت خارجہ سے منسلک ہے حکومت کا رویہ مناسب نہیں ہے ایوان پریس ریلیز پر گزارا نہیں کرے گا ، چیئرمین سینیٹ کا جواب ، مجھے وقت دیا جائے ، مکمل بریفنگ دینے کو تیار ہوں، وزیر دفاع خواجہ آصف

بدھ 30 دسمبر 2015 09:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ میں بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے سیکرٹری خارجہ کی ملاقات آئندہ ماہ (جنوری) کے وسط میں ہوگی جس میں دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کے طریقہ کار اور جگہ کا تعین کیا جائے گا ، پاک بھارت وزرا ء ا عظم کی رواں سال پانچ ملاقاتیں ہوچکی ہیں، عالمی میڈیا نے لاہور میں ہونیوالی دونوں وز راء اعظم کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

منگل کو ایوان بالا میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اچانک دورہ پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے افغانستا کے دورہے کے دوران وزیراعظم نوازشریف کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی اور پاکستان میں کچھ دیر قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔ یہ ایک غیر رسمی ملاقات تھی ۔

(جاری ہے)

مودی کے دورہ کے دوران ویزا اخراجات کو پورا نہ کرنے کے حوالے سے قیاس آرائیاں غلط ہیں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور 11 لوگوں کو 72 گھنٹے کے ویزے جاری کئے گئے تھے جبکہ دیگر 100 لوگ ائیرپورٹ کے اندر ہی رہے تھے۔

مشیر خارجہ نے مزید کہا کہ دونوں وزیراعظم کے مابین رواں سال میں پانچ بار ملاقات ہوچکی ہے جن میں دہلی‘ کھٹمنڈو ‘ پیرس اور لاہور وغیرہ شامل ہیں وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم مودی کی ملاقات کو عالمی رہنماؤں نے خوش آئند قرار دیا ہے اس ملاقات سے کچھ چیزوں میں پیش رفت ہوگی جس میں کچھ وقت لگے گا۔ سرتاج عزیز نے آرمی چیف کے دورہ کابل کے حوالے سے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی ار نے اس بارے تفصیلی بیان جاری کردیا ہے اس حوالے سے مزید تفصیلات وزیر دفاع ہی بتاسکیں گے اس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ دورہ وزارت خارجہ سے منسلک ہے حکومت کا رویہ مناسب نہیں ہے ایوان پریس ریلیز پر گزارا نہیں کرے گا اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مجھے وقت دیا جائے تو اس پر مکمل بریفنگ دینے کو تیار ہوں آرمی چیف کے دورہ سے متعلق جمعرات کو وزیر دفاع بریفنگ اور معلومات دی جائیں گی۔

آدھا سچ ایوان میں نہیں آنا چاہیے بلکہ مکمل معلومات فراہم کی جانی چاہئیں انہوں نے مزید کہا کہ کھٹمنڈو میں دونوں وزرائے اعظم کے مابین ہونے والی ملاقات میں کیا طے کیا گیا اس پر ان کیمرہ بریفنگ بھی دینے کو تیار ہیں، اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کی آمد اور آرمی چیف کے دورہ کے حوالے سے جلد ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔