شوکت خانم عوام کے لیے ہے،چاہتا ہوں لوگوں کو تمام دوائیں اور بہتر علاج میسر ہوں،عمران خان ،عقل کا غلام ایسا کام نہیں کر سکتا،اللہ پر یقین رکھنے والا ہی ایسا ہسپتال بنا سکتا ہے،لوگوں کی تکلیف اور مایوسی دیکھ کر ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا، شوکت خانم کینسر میموریل ہسپتال پشاور کی افتتاحی تقریب سے خطاب،ظہرانے سے خطاب

بدھ 30 دسمبر 2015 09:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شوکت خانم عوام کے لیے ہے،چاہتا ہوں لوگوں کو تمام دوائیں اور بہتر علاج میسر ہوں،عقل کا غلام ایسا کام نہیں کر سکتا،اللہ پر یقین رکھنے والا ہی ایسا ہسپتال بنا سکتا ہے،لوگوں کی تکلیف اور مایوسی دیکھ کر ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں شوکت خانم کینسر میموریل ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہسپتال کا افتتاح 7سالہ بچے فاخر آفریدی نے کیا،جو لاہور کینسر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔عمران خان نے کہا ہے کہ ہسپتال میں سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک رکھا جائے گا،شوکت خانم میں ہر خاص و عام کاعلاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کے پاکستان میں کینسر کے علاج کے اخراجات عام آدمی نہیں اٹھا سکتا، لوگوں کی تکلیف اور ما یوسی دیکھ کر ہسپتال بنایا،پشاور میں شوکت خانم ہسپتال کسی معجزے سے کم نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن کابرسوں سے انتظار کر رہا تھا،آج میرے لیے بڑی خوشی کا دن ہے،ہسپتال کی تعمیر کے لیے دنیا بھر میں دھکے کھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ چاہتا ہوں کے شوکت خانم میں لوگوں کو تمام طبی سہولیات دی جائیں۔بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ این اے۔ 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے اُمیدوار جہانگیر ترین کی تاریخی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ اگلے انتخابات میں اگر ساری سیاسی پارٹیاں بھی اکھٹی ہو جائیں تو پی ٹی آئی سے نہیں جیت سکیں گی، اس انتخاب میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے مل کر سرکاری مشینری استعمال کی ،اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کئے اور عوام کو ہر قسم کی لالچ دی لیکن اس کے باوجود لودھراں کے عوام نے تبدیلی کا ساتھ دے کر یہ ثابت کردیا کہ پورے ملک میں آنے والاوقت پاکستان تحریک انصاف کا ہے اگلے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی مہم چلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ہم خیبرپختونخوا حکومت کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات جیت جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے منگل کے روز پشاور میں حلقہ این اے۔154 لودھراں میں پی ٹی آئی کے اُمیدوار جہانگیر ترین کی کامیابی کی خوشی میں دیئے گئے ظہرانے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، ایم این اے جہانگیر ترین، اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، سینٹرزاور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

عمران خان نے کہا کہ اگر چہ سال 2015 خود اُن کیلئے اور پارٹی کیلئے مشکل سال ثابت ہوالیکن اس کا اختتام پارٹی کیلئے بہت شاندار طریقے سے ہورہا ہے کیونکہ اس سال کے اختتام میں لودھراں کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کو شاندار کامیابی ملنے کے علاوہ شوکت خانم کینسر ہسپتال پشاور اور نمل یونیورسٹی کا افتتاح بھی ہو گیا ہے آنے والا وقت پی ٹی آئی کا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے دھرنوں نے پاکستان کے عوام کو سیاسی شعور دے کر تبدیلی کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچا دیا ہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی سے غلطیاں سرزد ہوئی ہیں لیکن ہم نے ان غلطیوں کا بغورجائزہ لے کر اُن سے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہی کامیابی کا راز ہے کہ انسان اپنی ناکامیوں سے حوصلہ نہ ہارے اور غلطیوں سے سیکھے ۔

ہم نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے ہمیں ناکامیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ہم ناکامیوں اور ہارکے خوف سے پیچھے نہیں ہٹے بلکہ ثابت قدم رہے ہیں اور الله تعالیٰ ثابت قدم رہنے والوں کوکامیابی ضرور دیتا ہے۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ہر اچھے کام میں سبقت لے جانے والی جماعت ہے۔ پی ٹی آئی وہ پہلی جماعت ہے جس نے ملک میں کرپشن اور ناانصافی کے ساتھ ساتھ پروٹوکول کلچر کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔

خیبرپختونخوا میں گورننس، پولیس اور پٹوار کا نظام ٹھیک کر دیا ہے صحت اور تعلیم کے شعبے میں انقلابی اصلاحات نافذ کی ہیں۔ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ضمنی انتخاب میں اپنی جیت کو عمران خان اور پارٹی کی جیت قرار دیتے ہوئے پارٹی کے اُن تمام عہدیداروں اور کارکنان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتخابی مہم میں اُن کا بھر پور ساتھ دیا

متعلقہ عنوان :