مردان، نادرا ٓفس میں خودکش دھماکہ ،23افراد جاں بحق 47زخمی ،متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک،دھماکہ کے وقت نادرا آفس میں سائلین کی بڑی تعداد موجود تھی اگر دھماکہ دفتر کے اند ر ہو تا توبڑ ا انسا نی المیہ رونما ہو تا ، حکام ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا، علاقے میں سرچ آپریشن،بتدائی طور پر دھماکہ خودکش معلوم ہوتا ہے مزید تحقیقات کی جار ہی ہیں،ڈی پی او مردان ، خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، دفتر کے اندر داخلے کی کوشش پر سکیورٹی گارڈ نے اسے روکا،عینی شاہدین ،صدر ،وزیراعظم کی مذمت ،وزیراعظم نے وزیرداخلہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی

بدھ 30 دسمبر 2015 09:33

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء ) مردان علاقے دوسر چوک میں نادرا ٓفس میں خودکش دھماکے میں23افراد جاں بحق 47زخمی ہو گئے ہیں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، صدر مملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف ،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، سابق صدر آصف علی زرداری و دیگر نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاء پر دکھ کا اظہار کرتے ہوے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز مردان کے علاقے دوسر چوک میں واقع نادرا آفس کے گیٹ پر خود کش موٹر سائکل سوار نے نادار آفس میں داخلے پر ناکامی کے باعث خود کو گیٹ پر ہی دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے باعث شاختی کارڈ کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے صارفین میں 23افراد جاں بحق اور47سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ،دھماکہ کے وقت نادرا آفس میں سائلین کی بڑی تعداد موجود تھی اگر دھماکہ خیز مواد دفتر کے اند ر پھٹتا تو ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو جاتا ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوز سکواڈ نے علاقے میں سرچ آپریشن کی جسکے بعد علاقے کو کلیر قرار دیا گیا ،جس کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور نعشوں کو جائے حادثہ سے اٹھا کر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حارث کے مطابق زخمیوں میں 15سے زائد کی حالت تشویشناک ہے ، ڈی پی او مردان سعید وزیر کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکہ خودکش معلوم ہوتا ہے مزید تحقیقات کی جار ہی ہیں، عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھااور اس نے دفتر کے اندر داخلے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی گارڈ نے روکا تو حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ۔

ادھر صدر مملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف ،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، سابق صدر آصف علی زرداری ، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ ،وزیراطلاعات پرویز رشید، امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، مولانا فضل الرحمن ،اسفند یار ولی ، سمیت دیگر نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے وزیرداخلہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے، وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے دہشت گرد وں کو ہر صورت اپنے انجام تک پہنچائیں گے ،قوم دہشت گردوں کیخلاف متحد ہے ،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔وزیراعظم نواز شریف نے لواحقین سے ہمدری کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو زخمیوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ دوسری جانب وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔