وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے حوالے سے اجلاس، نئے ٹیکس دہندگان کی ترغیب اور ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے مقاصد کے حصول کیلئے تیار کی گئی رضا کارانہ ٹیکس سکیم میں مزید بہتری لائی جائے، اسحاق ڈار کی فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت

منگل 29 دسمبر 2015 09:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک کی مالیاتی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ نئے ٹیکس دہندگان کی ترغیب اور ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے مقاصد کے حصول کیلئے تیار کی گئی رضا کارانہ ٹیکس سکیم میں مزید بہتری لائی جائے۔ وہ پیر کو مالیاتی اور ریونیو اہداف کے علاوہ ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران اخراجات کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے پانچ ماہ کے دوران اخراجات مالیاتی اہداف سے کافی حد تک ہم آہنگ رہے ہیں اور دسمبر کے اختتام تک ہدف کے حصول کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اس صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مالیاتی حد کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔

چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس کو بتایا کہ نومبر 2015ء تک اور دسمبر کے پہلے تین ہفتوں کے دوران ریونیو وصولی کی صورتحال اطمینان بخش ہے اور ایف بی آر دسمبر 2015ء کیلئے طے شدہ ریونیو ہدف حاصل کر لے گا۔ وفاقی وزیر کو ٹیکس کی بنیاد میں وسعت، ٹیکس دہندگان کی سہولت اور ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کے طریقہ کار کو آسان اور سادہ بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

انہیں رضا کارانہ ٹیکس سکیم کے مسودہ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو ایف بی آر نے ملک بھر کے تاجروں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاسوں اور مذاکرات کے بعد تیار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے سکیم میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نئے ٹیکس دہندگان کو راغب کرتے ہوئے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کا مقصد حاصل کیا جا سکے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان، سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان اور دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :